کمسن زینب کے دردناک قتل نے قومی کرکٹرز کو بھی ہلا کر رکھ دیا ، مجرموں کو پھانسی دینے کا مطالبہ

ویلنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) قصور میں کمسن بچی زینب کے ساتھ بداخلاقی کے بعد قتل کے ایک اور واقعہ نے پورے ملک سمیت کرکٹ ستاروں کو بھی ہلا کررکھ دیا۔ قومی کرکٹر وہاب ریاض بھی اس واقعے پر بولنے سے خود کو روک نہ سکے اور لکھا کہ یقین کرنا مشکل ہے کہ یہ سب سچ ہے اور یہ سب ہمارے پاکستان میں وقوع پزیر ہوا ہے۔ انہوں نے خدا سے دعا کرتے ہوئے کہا کہ یا اللہ ننھی زینب کے گھر والوں کو صبر دے۔ کرکٹر محمد حفیظ نے بھی زینب کیلئے آواز اٹھاتے ہوئے کہا میں بھی ایک باپ ہوں یہ سب دیکھنے کے بعد والدین پر کیا گزرتی ہے ہم سوچ بھی نہیں سکتے، انہوں نے زینب کے والدین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا یہ واقعہ ہمارے معاشرے کیلئے سوچنے کا مقام ہے، حکومت کو اس واقعے پر ایکشن لینا چاہئے تاکہ ایسا کچھ دوبارہ نہ ہوسکے۔قومی کرکٹر شعیب ملک نے بھی ننھی زینب کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے بعد ان کے پاس الفاظ ختم ہوگئے ہیں معاف کیجئے گا ہم کس مقام پر کھڑے ہیں۔شاداب خان نے کہا ’’ میری دلی ہمدردیاں زینب اور ان کی فیملی کے ساتھ ہیں، ایسے مسائل پر قابو پانا اور ذمہ دار افراد کو پکڑنا چاہیے، ہمیں ایسے وحشیانہ جرائم کے خلاف متحد ہونا ہو گا، خبر سن کر دل ٹوٹ گیا، ابھی تک ذمہ داران کو گرفتار نہیں کیا جا سکا، سیاسی ایشوز کو پس پشت ڈالتے ہوئے ہمیں اس مسئلے کیلئے کھڑا ہونا ہو گا، مجرم کی پھانسی کیلئے اپنی آواز بلندکریں۔ وقار یونس جنہوں نے انتہائی جذباتی بیان جاری کرتے ہوئے مجرم کو پھانسی دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ وقار یونس نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ’’زینب۔۔۔ ہمارے پیارے نبی کریم کی بیٹی کا نام، اور دیکھو ان بے روح دنوں نے اس کیساتھ کیا سلوک کیا۔۔۔ میں بہت زیادہ شرمندہ ہوں، کراہت محسوس کر رہا ہوں، ذلت محسوس کر رہا ہوں، غصے میں ہوں اور معاف کرنا۔۔۔ میں زینب اور اس کے خاندان کیلئے انصاف چاہتا ہوں۔ بے رحم پر رحم کرنا کوئی انصاف نہیں۔ ان ظالم اور گھٹیا لوگوں کو پھانسی دیدو‘‘سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے وقار یونس کے بیان اور مطالبے کی بھرپور تائید کی جا رہی ہے جبکہ کئی لوگوں نے تو مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ فاسٹ با ولر محمد عامر نے کہا کہ میرا دل ٹوٹا ہوا ہے ،تباہ کن اور نفرت انگیز ،ہم کس قسم کے معاشرے میں رہ رہے ہیں ،والدین کے دل باہر آگئے ہیں ،زینب کوانصاف ملنا چاہیے۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...