سپرنٹنڈنٹس جیلز کا نفرنس کا انعقاد درپیش مسائل اور مختلف امور پر بحث

سپرنٹنڈنٹس جیلز کا نفرنس کا انعقاد درپیش مسائل اور مختلف امور پر بحث

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)دوسری سہ ماہی سپرنٹنڈنٹس جیلز کانفرنس محکمہ داخلہ وقبائلی امور صوبہ خیبرپختونخوا کے کانفرس روم میں منعقد ہوئی جس کی صدارت شاہداللہ انسپکٹر جیل خانہ جات صوبہ خیبرپختونخوا نے کی۔ اس کانفرنس میں خالد عباس ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات اور مسعود الرحمن سپرنٹنڈنٹ جیل پشاور کے علاوہ صوبے کے تمام سپرنٹنڈنٹس جیلز نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران جیلوں کو درپیش مسائل اوردوسرے مختلف امور زیر بحث آئے ۔کانفرنس میں پہلی سہ ماہی سپرنٹنڈنٹس جیلز کانفرنس کے حوالے سے فیصلوں پرعمل درآمد کے سلسلے میں تمام سپرنٹنڈنٹس جیلز نے بریفنگ دی اور اس سلسلے میں تمام سپرنٹنڈٹنس جیلزکے فیصلوں پر کارروائی کوتسلی بخش قرارد یا اور اسکو مزید بہتر بنانے کی بھی تاکید کی۔ اس موقع پر شاہداللہ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات صوبہ خیبرپختونخوا نے جیلوں میں موجود قیدیوں کی حالت مزید بہتر بنانے اور ان کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے بارے میں تمام سپرنٹنڈنٹس جیلز کو ہدایت جاری کیں۔ نیز جیلوں میں موجودہ ہسپتالوں کو بہتر بنانے اور ان میں میڈکل آلات ،میڈیکل لیبارٹری کے قیام اور قیدیوں کو عصری اوردینی علوم فراہم کرنے کے سلسلے میں اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ مزید برآں شاہداللہ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات صوبہ خیبرپختونخوا نے جیلوں میں موجودہ قیدیوں کو کھیل کود اورجسمانی نشوونما کی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے ضروری احکامات جاری کئے تاکہ وہ جیل سے رہاہونے کے بعد معاشرے کے فعال اورمفید فرد بن سکیں ۔نیز جیلوں سے بدعنوانی کے خاتمے کے سلسلے میں سپرنٹنڈنٹس جیلز کو ضروری اقدامات اٹھانے اور بدعنوان سرکاری اہلکاروں کے خلاف بغیر کسی دباؤ اور بلاامتیاز تادیبی کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹس جیلز کومزید ہدایات جاری کیں کہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق جیلوں کو بہتر بنانے کی غرض سے مزید تجاویز دیں تاکہ جیلوں میں موجود قیدیوں کی اصلاح ،فلاح وبہبود میں موثر کردار ادا کرسکیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے جیلوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اس امر کااعلان دفتر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات صوبہ خیبرپختونخوا پشاوکی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کیاگیا۔