قصور میں حالات بدستور کشیدہ، دیگر شہروں سے زمینی راستہ منقطع

قصور میں حالات بدستور کشیدہ، دیگر شہروں سے زمینی راستہ منقطع
قصور میں حالات بدستور کشیدہ، دیگر شہروں سے زمینی راستہ منقطع

  

قصور(ویب ڈیسک) زینب قتل کیس پر قصور میں فضا آج بھی سوگوار ہے اور شہر کے مختلف مقامات پر مظاہرین جمع ہونا شروع ہوگئے جب کہ شہر کا دوسرے شہروں سے زمینی راستہ بھی منقطع ہوگیا۔ قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی 7 سالہ بچی زینب کے قاتل اب تک گرفتار نہیں کیے جاسکے جس پر آج دوسرے روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور شہر میں شٹرڈاو¿ن ہڑتال کی جارہی ہے۔

قصور کا فیروز پور روڈ ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند ہے اور مظاہرین کا کالی پل چوک پر دھرنا جاری ہے جب کہ قصور کا دوسرے شہروں سے زمینی راستہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔ وکلا نے قصور میں بچی کے قتل کے خلاف آج ہڑتال اور یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے، پنجاب بار کونسل کا کہنا ہے کہ مقتولہ زینب کے والدین کو مفت قانونی معاونت فراہم کی جائے گی جب کہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی ہڑتال کی جارہی ہے۔قصور ڈسٹرکٹ کورٹ میں آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے جب کہ لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر چوہدری ذوالفقار کا کہنا ہے کہ وکلا دن 11 بجے کے بعد عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے، بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور کالے جھنڈے لہرائیں گے۔

زینب قتل کے خلاف احتجاج کے دوران گزشتہ روز پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شعیب اور محمد علی کا پوسٹ مارٹم کرلیا گیا جس کی رپورٹ آج آنے کا امکان ہے اور آج ہی ان کی تدفین کا بھی امکان ہے۔مظاہرین پر فائرنگ کے الزا م میں 2 پولیس اور دو سول ڈیفنس اہلکار گرفتار ہیں جب کہ مقتولین کے بھائیوں کی مدعیت میں 2 مقدمات 16 نامعلوم پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کیے گئے جس میں قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

ادھر بچی سے زیادتی کے ملزم کا پولیس کی جانب سے جاری کیا گیا خاکہ بھی غلط نکلا کیوں کہ خاکہ ویڈیو میں نظر آنے والے شخص سے مشابہت نہیں رکھتا۔ذرائع کے مطابق خاکہ جلد بازی میں اہل علاقہ کی معلومات کی بنیاد پر بنایا گیا تھا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /قصور