2017ءمیں کن 2 شہروں کے درمیان سب سے زیادہ کمرشل پروازیں اتریں؟ جواب آپ کے تمام اندازے غلط ثابت کردے گا

2017ءمیں کن 2 شہروں کے درمیان سب سے زیادہ کمرشل پروازیں اتریں؟ جواب آپ کے تمام ...
2017ءمیں کن 2 شہروں کے درمیان سب سے زیادہ کمرشل پروازیں اتریں؟ جواب آپ کے تمام اندازے غلط ثابت کردے گا

  

نیویارک(نیوز ڈیسک)دنیا کے مصروف ترین فضائی روٹ کی بات ہو تو اکثر لوگ سوچتے ہیں کہ شاید یہ نیویارک سے لندن، یا لندن سے پیرس جیسے شہروں کے درمیان ہوگا، لیکن ایسا بالکل نہیں ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کے 10 مصروف ترین فضائی روٹس میں ایک بھی بین الاقوامی روٹ شامل نہیں ہے، یہ سب کے سب اندرون ملک فضائی روٹ ہیں۔

ایوی ایشن اینالسٹ ’او اے جی‘ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کا سب سے مصروف ترین فضائی روٹ جنوبی کوریا کے دو شہروں سیول اور جیجو کے درمیان ہے۔ یہ فضائی راستہ 280 میل پر محیط ہے اور ان دو شہروں کے درمیان روزانہ تقریباً 178 پروازیں سفر کرتی ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران اس فضائی راستے پر کل 64991 پروازیں روانہ ہوئیں۔ اس فضائی روٹ پر پروازوں کی اتنی بڑی تعداد کی بنیادی وجہ ’جیجوڈا‘ نامی جزیرہ ہے، جو دنیا کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ جیجو اس جزیرے کا دارلخلافہ ہے، جہاں دنیا بھر سے آنے والے سیاح براستہ سیول پہنچتے ہیں۔

ا س کے بعد دوسرے نمبر پر آسٹریلوی شہروں میلبرن سے سڈنی کا فضائی روٹ ہے جس پر گزشتہ سال 54519پروازوں نے سفر کیا، جبکہ تیسرے نمبر پر بھارتی شہروں ممبئی سے دلی کا فضائی روٹ ہے، جس پر گزشتہ سال 47462 پروازوں نے سفر کیا۔ چوتھے نمبر پر جاپان میں فکوکا سے ٹوکیو کا روٹ، پانچویں پر برازیل میں ریو سے ساﺅ پالو، چھٹے پر جاپان میں سپورو سے ٹوکیو، ساتویں پر امریکا میں لاس اینجلس سے سان فرانسسکو، آٹھویں پر آسٹریلیا میں برسبن سے سڈنی، نویں پر جنوبی افریقہ میں کیپ ٹاﺅن سے جوہانسبرگ اور دسویں پر چین میں بیجنگ سے شنگھائی کا فضائی روٹ ہے۔

بین الاقوامی فضائی روٹس میں سے مصروف ترین روٹ ہانگ کانگ سے تائیوان کے دارلحکومت تائپے کا ہے جس پر گزشتہ سال 24994 پروازوں نے سفر کیا۔ دوسرے نمبر پر کوالا لمپور سے سنگاپور اور تیسرے نمبر پر جکارتہ سے سنگاپور کا فضائی روٹ ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس /بین الاقوامی