25 سال سے زائد عمر کی پاکستانی خواتین کے لئے سعودی عرب سے شاندار خوشخبری آگئی، اب کسی کی ضرورت نہ رہے گی کیونکہ۔۔۔
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سے ہر سال خواتین کی ایک بڑی تعداد مذہبی و دیگر مقاصد کے تحت سعودی عرب کا سفر کرتی ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے ویزے کے نئے شرائط و ضوابط کے حوالے سے کیا جانے والا اعلان ان خواتین کے لئے ایک بڑی خوشخبری سے کم نہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق سعودی کمیشن برائے سیاحت و ثقافتی ورثہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 25 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین اگر سعودی عرب آنا چاہیں تو اس کیلئے ضروری نہیں کہ خاندان کا کوئی فرد ان کے ہمراہ ہو، تاہم 25 سال سے کم عمر خوتین کے ساتھ خاندان کا کوئی فرد ہونا ضروری ہے۔
کمیشن کے لائسنسنگ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عمر المبارک کا کہنا تھا کہ ”سیاحتی ویزہ سنگل انٹری ویزہ ہوگا جس کی معیاد 30 دن تک ہوگی۔ یہ ویزہ ان میں شامل ہوگا جو مملکت میں پہلے ہی دستیاب ہیں۔ یہ ورک، وزٹ، حج اور عمرہ کے ویزے سے مختلف ہوگا۔“
ان ویزوں سے متعلق شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دی جاچکی ہے جبکہ نیشنل انفارمیشن سنٹر اور وزارت خارجہ کے تعاون سے ایک الیکٹرانک سسٹم بنایا جارہا ہے تاکہ سعودی عرب آنے والے افراد ویزوں کے باسہولت نظام سے استفادہ کر سکیں۔ نئے نظام کا مقصد پہلے سے رائج سیاحتی ویزہ سسٹم میں بہتری لانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو سعودی عرب آنے پر مائل کیا جاسکے۔