روسی فوج پر پراسرار طیاروں کا حملہ، ہوائیاں اُڑگئیں

دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) شام میں روسی افواج کی مدد سے شامی فوج داعش کو شکست دینے میں کامیاب تو ہو گئی ہے لیکن اب وہاں روس کے فوجی اڈوں پر ایسے پراسرارطیاروں کے حملے شروع ہو گئے ہیں کہ روسی فوج بوکھلا کر رہ گئی ہے۔ دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق اب تک روس کے خمیم اور طرطوس میں واقع فوجی اڈوں پر ان پراسرار ڈرون طیاروں سے حملے کیے جا چکے ہیں۔خمیم کے اڈے پر 10اور طرطوس کے اڈے پر 3ڈرون طیاروں نے بم برسائے۔ روسی وزارت دفاع کی طرف سے ان حملوں کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ”فوجی اڈوں پر دہشت گردوں نے بغیر پائلٹ ڈرون طیاروں کے ذریعے 5اور 6جنوری کی درمیانی رات حملے کیے۔ ان میں سے بعض ڈرونز پر ان کے ریڈیوسگنلز کے ذریعے قابو پا لیا گیا جبکہ دیگر کو اینٹی ایئرکرافٹ میزائلوں کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔ ڈرون طیاروں کے ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔“واضح رہے کہ گزشتہ سال 31دسمبر کو خمیم میں واقع روسی فوجی اڈے پر ایک بڑا حملہ کیا گیا تھا جس میں وہاں کھڑے 7روسی جنگی جہاز تباہ ہو گئے تھے تاہم روس کی طرف سے جہازوں کے تباہ ہونے کی تردید کی گئی تھی۔

مزید : بین الاقوامی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...