کابل میں داعش کے 20 سے زائد سیل کام کر رہے ہیں:افغان سیکیورٹی عہدیدار
کابل(این این آئی) افغان سکیورٹی عہدیدارنے کہاہے کہ کابل میں داعش کے 20سے زائد سیل کام کر رہے ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ 18 ماہ کے دوران دارالحکومت کابل میں تقریبا 20مسلح حملوں کی ذمہ داری جہادی تنظیم داعش قبول کر چکی ہے۔ یہ تمام حملے طالب علموں، پروفیسروں اور ایسے دکانداروں کی مدد سے کیے گئے، جو امریکی اور افغان اہلکاروں کے قائم کردہ سکیورٹی حصار کو توڑنے میں کامیاب رہے تھے۔ ایک افغان سکیورٹی عہدیدار کا اپنا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے کہنا تھاکہ کابل میں داعش کے20 سے زائد سیل کام کر رہے ہیں۔اس افغان سکیورٹی عہدیدار کا مزید کہنا تھاکہ انتہا پسندی کی نئی لہر میں ان پڑھ اور دیہاتی نہیں بلکہ پڑھے لکھے اور تعلیم یافتہ افراد ملوث ہیں۔
دوسری جانب افغان تجزیہ کاروں نے کہاہے کہ مڈل کلاس افغان شہری داعش کو دور دراز کے دیہات سے نکال کر ملکی دارالحکومت کابل تک میں لے آئے ہیں۔ اس طرح دارالحکومت کابل اب ممکنہ طور پر افغانستان کا سب سے پرتشدد شہر بن سکتا ہے۔