بہاولپور :کبڈی میچ ایران کو شکست ،انڈیا ونر کھلاڑیوں کا جشن
بہاولپور (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور کے فور وال گراؤنڈ میں انڈیا اور ایران کی کبڈی ٹیموں کے مابین کبڈی ٹاکرے کا میچ انڈیا نے 8نمبروں کی برتری سے (بقیہ نمبر41صفحہ12پر )
جیت لیا۔ اس سے قبل پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کے مابین ہونے والا کبڈی میچ پاکستان گرین نے جیت لیا۔انڈیا اور ایران کے کبڈی میچ میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کھیل کے دوران انڈیا کی ٹیم ایران کی ٹیم سے زیادہ پھرتیلی نظر آئی لیکن ایران کی ٹیم کی گرپ زیادہ مضبوط نظر آئی۔ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ بہاول پور میں ایران اور انڈیا کے مابین کھیلے جانے والے کبڈی میچ کے دوران شائقین کا جوش وخروش دیدنی تھا جسے مدنظر رکھتے ہوئے بہت جلد ایک اور میگا ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہاول پور کی عوام انٹرنیشنل سپورٹس ایونٹ کے انعقاد کی بہت عرصے سے خواہشمند تھی۔ انہوں نے انٹرنیشنل کبڈی میچ کے بہترین انعقاد پر مقامی انتظامیہ، سیکورٹی ایجنسیوں اور محکمہ سپورٹس کو جانفشانی سے فرائض کی انجام دہی پر شاباش دی۔کمشنر نیئر اقبال نے کہا کہ چولستان جیپ ریلی کے انعقاد کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا انعقاد اگلے ماہ 14فروری سے 17فروری تک ہو گا جو 4دن جاری رہے گی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ مارچ2019ء میں جشن بہاراں کا شاندار انعقاد بھی کیا جائے گا جو سیریز آف ایونٹس پر مشتمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جشن بہاراں میں خواتین اور بچوں کے لئے بالخصوص تفریحی پروگرام کا انعقاد ہو گا۔تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی احسان الحق چوہدری، رکن قومی اسمبلی فاروق اعظم ملک، چیئرمین ضلع کونسل شیخ دلشاد احمد قریشی، میئر میونسپل کارپوریشن عقیل نجم ہاشمی، سیاسی رہنما سمیرا ملک، فاروق اعظم ودیگر سیاسی کارکنان اور شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔