جنرل ہسپتال میں مریضو ں کے لواحقین کیلئے 2پناہ گاہیں قائم

جنرل ہسپتال میں مریضو ں کے لواحقین کیلئے 2پناہ گاہیں قائم

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان کی "انسان دوست "پالیسی کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں آنے والے مریضوں کے لواحقین کے قیام کیلئے تقریبا 2500مربع فٹ پر مشتمل 2شیلٹر ہومز بنا دئیے گئے جہاں ضروریات زندگی کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے شیلٹر ہومز کا معائنہ کر کے انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر رانا محمد شفیق ، اے ایم ایس ڈاکٹر جعفر شاہ ،اے ایم ایس ڈاکٹر ریاض حفیظ اورچیف سینٹری انسپکٹر طارق محمود بھی موجود تھے۔ پرنسپل پروفیسر محمد طیب کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایت کی روشنی میں لواحقین کے آرام کیلئے بستر لگا دئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موسمی شدت سے مریضوں کے لواحقین کو محفوظ رکھنے اور دوردراز سے آنے والے لوگوں کو آرام دہ سہولیات کی فراہمی احسن ہے جس سے تیمارداروں کو دربدر بھٹکنے کی بجائے ہسپتال کے احاطے میں ہی یہ سہولت مہیا ہونے پر اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ اپنے عزیزوں کے قریب رہ کر ان کی دیکھ بھال کر سکیں گے۔ اس موقع پر ایل جی ایچ میں زیر علاج مریضوں کے لواحقین نے حکومت کی جانب سے مریض دوستی کے اس انقلابی اقدام کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے شہروں سے آنے والے لوگوں کو قیام و طعام کیلئے ہزاروں روپے کے اخراجات سے نجات ملی ہے اور پہلی مرتبہ کسی حکومت نے اس اہم مسئلہ کے حل پر توجہ دیتے ہوئے غریب پروری کا عملی ثبوت دیا ہے۔

پناہ گاہیں

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...