حکومت کیلئے تعلیم کے شعبہ کی بہتری اولین ترجیح ہے،عمار یاسر
لاہور( نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے تعلیم کے شعبہ کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ رواں مالی برس شعبہ تعلیم کیلئے مجموعی طور پر 373 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔حکومت نے تعلیمی بجٹ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کی حکومت تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر پائیدار اقدامات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔
شعبہ تعلیم کا پائیدار فروغ ہی کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے اور تعلیم کی بدولت ہی ترقی یافتہ ممالک نے اقوام عالم میں اپنا نام پیدا کیاہے۔ علم ایک ایسی دولت ہے جو کسی کی میراث نہیں ہے بلکہ ہر کسی کا بنیاد ی حق ہے اور حکومت یہ حق عام آدمی کے بچوں کو دے کر دم لے گی۔
۔انہوں نے کہا کہ غربت ، بے روزگاری اور جہالت جیسے مسائل سے نمٹنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے اور یہی وجہ ہے کہ تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر تعلیمی شعبے کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں عالمی معیار کی یونیورسٹیاں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں ۔ حکومت نے اسی حوالے سے پنجاب میں اعلیٰ معیار کی 3 نئی یونیورسٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ یونیورسٹیاں شمالی، جنوبی اور وسطی پنجاب میں بنیں گی۔ نئی یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈیز کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے شعبہ ہائر ایجوکیشن کو نئے چیلنجز سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کیلئے مقررکردہ اہداف حاصل کریں گے اور ہمارے بے مثال اقدامات سے صوبے میں تعلیمی منظرنامہ یکسر بدل جائے گا۔