بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا سختی سے نوٹس لیا جائے، عبدالغفار روپڑی

بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا سختی سے نوٹس لیا جائے، عبدالغفار روپڑی

لاہور(نمائندہ خصوصی) جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارتی غنڈہ گردی پر مذمتی بیانات داغنے والے عملی اقدامات کریں۔ بھارتی گولہ باری کی صورت میں ہونیوالے جانی نقصان کے ذمہ دار بے حس حکمران سمیت حقوق انسانیت کے عالمی ادارے اور اقوام متحدہ بھی ہیں۔

آئے روز معصوم بے گناہ شہریوں پر دہشت گرد بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سختی سے نوٹس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک دفعہ پھر بھارتی افواج کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے غنڈہ گردی کا نشانہ بننے والے معصوم شہریوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں اور ہٹ دھرمی کے قصوں سے بخوبی واقف ہے۔ عالمی برادری کی خاموشی ’’چہ معنی دارد ۔‘‘ انہوں نے پاکستانی حکمرانوں کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ہر دوسرے روز سرحدی علاقوں پر بھارت عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کرتا ہے جس کے نتیجے میں کئی معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں مگر اقتدار اور مال و زر کی لالچ میں ڈوبے حکمرانوں کے سر پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ مذمتی بیانات کو اخباروں کی زینت بنوانے کی بجائے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں تفرقہ اور نفرت پھیلانے کے پیچھے اسلام دشمنوں کا ہاتھ ہے۔ مسلم حکمرانوں کی غیرت کو للکارتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مفاد پرستی، اقتدار کی ہوس اور فرقہ بازی کی فضا ختم کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کا سدباب کرنے کے لیے ایک ہو جائیں۔ مال و زر کی لالچ میں ڈوبے مسلم حکمران اپنے آنگن کو خود جلا رہے ہیں اور اسلام دشمن طاقتیں اس صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ کفار اور یہودیوں کی چالیں بدستور جاری ہیں مگر وقت کی سب سے اہم ضرورت مسلمانوں میں نورالدین زنگی جیسے جذبہ کی ہے۔ امت مسلمہ کا اتحاد ہی مسلمانوں کو ذلیل و رسوائی سے نجات دلا سکتا ہے۔ صرف مذمتی قراردادیں اور بیانات جمع کروانے کی بجائے اسلام دشمن عناصر کی مذموم سازشوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننے کی ہمت پیدا کرنا ہو گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...