نام نہاد تبدیلی سے عوام تنگ آگئے ،ملک کا اگلا وزیراعظم بلاول ہو گا ،اشرف بھٹی

نام نہاد تبدیلی سے عوام تنگ آگئے ،ملک کا اگلا وزیراعظم بلاول ہو گا ،اشرف بھٹی

لاہور( شہزاد ملک : تصاویر : ذیشان منیر) پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ نام نہاد تبدیلی سے عوام سو دنوں میں ہی تنگ آگئے ہیں ہم بھی ان کو سیاسی شہید ہونے کا موقع دینے کیلئے کوئی احتجاجی تحریک نہیں چلائیں گے بلکہ ان کو پورا موقع دیں گے کہ یہ مکمل طور پر عوام کے سامنے ایکسپوز ہو سکیں گے ‘ اسد عمر جب اپوزیشن میں تھے تو کہتے تھے پٹرول کے فی لیٹر پر حکومت پچاس روپے غنڈہ ٹیکس عوام سے وصول کرتی ہے اب انہوں نے یہ ’غنڈہ ٹیکس‘ ختم کیوں نہیں کیا ،عمران خان کہتے تھے کہ بیرون ممالک سے قرض لینا خودکشی ہو گا اب وہ کیوں غیر ملکی بینکوں کی طرف دیکھ رہے ہیں ‘عوام کو سبز باغ دکھا کر حکومت میں آنے والوں نے عوام پر ہی مہنگائی کے ڈرون حملے شروع کردئیے ہیں ‘ پیپلز پارٹی کو ایک آمر ضیاء الحق نہ ختم کر سکا تو موجودہ حکمران کیسے ختم کر سکتے ہیں ،بلاول بھٹو آنے والی حکومت کا وزیراعظم ہوگا اور اپنی والدہ بے نظیر شہید کی طرح پاکستان کے سب صوبوں کو ساتھ لیکر چلے گا ،چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے یہ ریمارکس دئیے کہ بلاول اپنی والدہ کے ادھورے مشن کی تکمیل کرنے کیلئے میدان میں آئے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے روز نامہ پاکستان کے فورم میں کیا۔انہوں نے کہا حکومت ک خلاف احتجاجی تحر یک ایک منٹ میں شروع کر سکتے ہیں لیکن ہمارے قائدین آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو چاہتے ہیں جو عوام کو الیکشن کے وقت بڑے بڑے سہانے سپنے دکھا کر حکومت میں آئے ہیں اب وہ انہیں ڈلیور بھی کریں، حکومت کرنا کوئی بچوں کا کھیل نہیں ہوتا نہ ہی کوئی پھولوں کی سیج ہوتی ہے عوام کو ڈلیور کرنے کے لئے بہت کچھ کرنا پڑتا ہے ۔ ہم ان کو وعدے یاد کرواتے رہیں گے انہوں نے عوام کو جو ریلیف دینے کے اعلانات کئے تھے اب ان پر عمل کریں ان کو ایسا کرنے سے کس نے روک رکھا ہے،سستی بجلی ،سستی کھاد اورمہنگائی میں کمی کیوں نہیں کررہے ہیں یہ تو عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینے اور پچاس لاکھ گھر بنا کردینے کا اعلان کرکے حکومت میں آئے ہیں لیکن آج انہوں نے کلین اینڈ گرین پاکستان کے نام پر ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کو اب تک بے روز گار کردیا ہے اور ہزاروں گھروں کو توڑ دیا ہے اورلوگوں کے کاروبار کو بھی تباہ کردیا ہے،حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو رواں سال تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا سال آخری سال ثابت ہو سکتا ہے۔

اشرف بھٹی

مزید : صفحہ آخر


loading...