فوجی عدالتوں میں توسیع ، فواد چودھری کو اپوزیشن سے رابطوں کے ٹاسک پر تحفظات ہیں : خورشید شاہ
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملہ پر وزیر اطلاعات فواد چودھری کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دینے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فواد چودھری کو ٹاسک دینے سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت فوجی عدالتوں میں توسیع پر سنجیدہ نہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ فواد چودھری کو ذمہ داری دینے سے حکومت کی غیر سنجیدگی واضح نظر آ رہی ہے کیونکہ اپوزیشن جماعتوں کی فواد چودھری کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی نہیں۔ خورشید شاہ نے کہاکہ فواد چودھری کو ذمہ داری دینے کی بجائے وزیراعظم خود ذمہ داری لیتے تو بات سمجھ میں آتی۔ خورشید شاہ نے کہاکہ فواد چودھری کی بجائے کسی اور وزیر کو ذمہ داری دی جاتی تب بھی بات سمجھ میں آتی۔خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں میں توسیع کی حمایت کریگی یا نہیں یہ بعد کا معاملہ ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کا آصف زرداری کے خلاف دائر درخواست واپس لینا مثبت عمل ہے کیونکہ تحریک انصاف کے پاس آصف زرداری کے خلاف کوئی مواد نہیں۔خورشید شاہ نے مزید کہاکہ تحریک انصاف سپریم کورٹ جائیگی تو بھی الیکشن کمیشن ہی آنا پڑے گا کیونکہ درخواست دائر کرنے کا مناسب فورم الیکشن کمیشن ہے۔
پیپلز پارٹی