کمیونٹی پولیسنگ کا مقصد شہریوں کو ریلیف پہنچانا ہے، ایس ایس پی ملیر
کراچی (کرائم رپورٹر) ایس ایس پی ضلع ملیر سید عرفان بہادر نے کہا ہے کہ کمیونٹی پولیسنگ کا مقصد شہریوں کو ریلیف پہنچانا ہے۔ وہ خواہ طبی شکل میں ہو یا کرائم کی سرکوبی کی شکل میں ہو۔ وہ سب ڈویژن پولیس آفیسر قائدآباد اعجاز حسین مغل اور آئی سائیٹ ٹرسٹ کی جانب سے مشترکہ طور پر قائدآباد تھانے میں لگائے گئے فری میڈیکل اینڈ آئی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈی ایس پی قائدآباد سید اعجاز حسین مغل آئی سائیٹ ٹرسٹ کے ڈاکٹر خالد، سماجی شخصیت ریاض الدین عباسی بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی ضلع ملیر سید عرفان بہادر نے کہا کہ تھانوں میں عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں طبی سہولیات کی فراہمی کمیونٹی پولیسنگ کا حصہ ہے اور یہ عمل جاری رہنا چاہئے جس سے عوام اور پولیس کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہو گا۔ علاوہ ازیں میڈیکل اینڈ آئی کیمپ میں 270مریضوں کے مختلف امراض کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں ٹی بی ، بلغم بھی شامل ہیں۔ جبکہ ایکسرے بھی کیے گئے۔ مریضوں کو ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں۔ مزید براں 10آنکھوں کے مریضوں کے آپریشن ڈاکٹر خالد آئی سائیٹ ٹرسٹ میں کرینگے۔ جبکہ ریاض الدین عباسی نے کیمپ کے انعقاد کیلئے بھر پور معاونت کی ۔