سپریم کورٹ لاہور رجسٹری ،چیف جسٹس کل اہم مقدمات کی سماعت کرینگے
لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثارکل 12 جنوری کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔ جن میں ایل ڈی اے سٹی کیس اورپاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کیس شامل ہیں ،ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے وزیر ہاؤسنگ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے ،جس میں چیف سیکرٹری پنجاب، نیب اور ایل ڈی اے کے سینئر افسران بھی شامل کئے گئے ہیں ،عدالت نے کمیٹی سے متاثرین کی دادرسی کی بابت رپورٹ طلب کررکھی ہے ،عدالت نے کمیٹی سے استفسار کررکھاہے کہ ایل ڈی اے سٹی متاثرین کو نقصان کا معاوضہ دیا جاسکتا ہے یا نہیں،پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے سروس سٹرکچر سے متعلق از خود نوٹس کیس میں عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سیکرٹری صحت کو طلب کررکھاہے ،ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ،یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیاء سے متعلق ڈی جی ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت بھی 12 جنوری کو ہوگی ۔لاہور رجسٹری میں پی ایم ڈی سی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اورلاہور میں پٹرول پمپس پر قبضوں سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہوگی جبکہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پبلک سیکٹر کمپنیز سے متعلق از خود نوٹس کیس 13 جنوری کو ہوگی ۔
اہم کیسز سماعت