صوبے کے 200بی ایچ یوز کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ، ڈاکٹر ہشام انعام اللہ

صوبے کے 200بی ایچ یوز کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ، ڈاکٹر ہشام انعام ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے کے 200 بی ایچ یوز کو جدید سہولیات سے آراستہ کررہے ہیں جہاں پر موجودہ آر ایچ سیز سے بہتر صحت کی سہولیات عوام کو میسر ہوں گی جوکہ موجودہ حکومت کی دور دراز اور دیہی علاقوں کو صحت کی سہولیات منتقل کرنے کی پالیسی کا عملی ثبوت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ضلعی ، تحصیل اور دیہاتوں کی سطح پر قائم صحت سہولت پرائمری اور سیکنڈری اداروں کو مزید وسعت دینے اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی پالیسی اختیا ر کی ہوئی ہے جس کا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار خیبر میڈیکل یو نیورسٹی پشاور میں انسانی اعضاء کی پیوندکاری سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام محکمہ صحت خیبر پختونخوا ، ہیلتھ کیئر کمیشن ، میڈیکل ٹرانسپلانٹیشن، ریگولیٹری اتھارٹی ، انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز اور خیبرمیڈیکل یو نیورسٹی نے انسانی اعضاء پیوندکاری کے قومی دن کی مناسبت سے کیا تھا۔ تقریب سے دوسروں کے علاوہ ممبر قومی اسمبلی شوکت علی، ایم ٹی آر اے کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر آصف ملک، ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹیو اظہر سردار ، ڈائریکٹر ایف آئی اے میرویس نیاز ، وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد جاوید، ڈائریکٹر کڈنی ڈیزیز انسٹیٹوٹ ناصر اورکزئی اور پرنسپل کے ایم سی ڈاکٹر نور الایمان نے بھی خطاب کیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت میں عوامی خدمات کیلئے مزید مثبت تبدیلیاں لائی جارہی ہے جس کا مقصد عوام کو صحت کی سہولیات بر وقت اور آسانی سے فراہم کرنا ہے اس مقصد کیلئے ادارے کو مزید فعال اور مضبوط بنائیں گے اور اداروں میں افرادی قوت سمیت تمام سہولیات آبادی کی تناسب سے فراہم کی جارہی ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ مختلف قوانین اور قواعد و ضوابط پر نظر ثانی کر کے انہیں دور جدید کے مطابق بنایا جا رہا ہیں اور تمام سرکاری مشینری بشمول ڈاکٹرز کو اس امر کا پابند بنایا جارہا ہے کہ پہلی ترجیح عوامی خدمت ہوں انہوں نے یقین دلایا کہ جو ادارے اور شخصیات عوامی خدمت کو ترجیح دیکر بہتر صحت سہولیات فراہم کرے گے۔ حکومت ان کی بھر پور خدمت کرے گی۔ وزیر صحت نیتقریب کے موضوع کے مناسبت سے کہا کہ انسانی اعضاء کی قانونی پیوندکاری کیلئے عوام میں شعور اْجاگر کرنے کیساتھ ساتھ مختلف اداروں میں سہولیات اور تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کیلئے نجی شعبے کیساتھ بھی تعاون کررہے ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے انسانی اعضاء کی پیوندکاری کی اہمیت اور قانونی و شرعی حیثیت پر روشنی ڈالی۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...