بلدیاتی حکومتوں کا احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان

بلدیاتی حکومتوں کا احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان
بلدیاتی حکومتوں کا احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ(ویب ڈیسک)  بیوروکریسی کو مداخلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کوئٹہ اور خضدار شہر کے میئرز ، ضلعی کونسل کے چیئرمینوں نے ’بلدیاتی اداروں کے ساتھ ناانصافی‘ پر بلوچستان اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اس سلسلے میں پریس کانرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندوں نے الزام عائد کیا کہ بیوروکریسی گزشتہ 4 سالوں میں عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔پریس کانفرنس میں میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ، میئر خضدارمیر عبدالرحیم کرد، پشین کی ضلعی کونسل کے چیئرمین عیسیٰ روشن، قلعہ عبداللہ کے چیئرمین ملک عثمان اچکزئی ا ور دیگر ضلعی اور میونسپل کارپوریشن کے چیئرمینوں نے شرکت کی جن کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تو متعلقہ حکام نے انہیں اختیارات دینے سے انکار کردیا اور ان کے فرائض کی انجام دہی میں بھی رکاوٹیں ڈالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات کا معاملہ ہر فورم پر اٹھایا لیکن انہیں ان کے جائز حقوق نہیں دیے گئے۔اس موقع پر ڈاکٹر کلیم اللہ خان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی حکومتوں کو صوبائی حکومت کا شراکت دار بنایا جائے اور ترقیاتی فنڈز کا 40 فیصد حصہ دیا جائے، حکومت اور بیورو کریسی فنڈز جاری کرنے کے بجائے اسی فنڈز کو خود استعمال کررہی ہے۔