افغانستان میں امن کی کنجی افغانوں کے ہاتھ میں ہے:سینیٹر سراج الحق

افغانستان میں امن کی کنجی افغانوں کے ہاتھ میں ہے:سینیٹر سراج الحق
افغانستان میں امن کی کنجی افغانوں کے ہاتھ میں ہے:سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کی کنجی خود افغانوں کے ہاتھ میں ہے، افغانستان میں امن کیلئے افغان حکومت اورتمام اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مذاکرات ہونے چاہئیں۔
افغان صدر اشرف غنی کے خصوصی نمائندے عمر داود زئی نے اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے  ملاقات کی اور خطے کی صورتحال خاص طور پرپاک افغان تعلقات میں مزید بہتری لانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پرنائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور شبیر احمد خان بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پر امن افغانستان علاقائی امن اور پاکستان کیلئے ضروری ہے،اقتصادی ترقی کیلئے بھی پاک افغان دوستی ضروری ہے ،افغانستان میں امن کی کنجی خود افغانوں کے ہاتھ میں ہے،افغانستان میں امن کیلئے افغان حکومت اور تمام اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مذاکرات ہونے چاہئیں،افغان حکومت اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے ،پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان اسلام کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ،ہمارا نفع و نقصان ایک ہے ،پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے مشروط ہے اس لئے پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں جلد ازجلدامن قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کیلئے افغان راہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا حامی ہے ،امریکہ افغانوں کو مل بیٹھ کر اپنے معاملات حل کرنے دے اور جلد ازجلد افغانستان سے فوجی انخلاء کو مکمل کرے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل افغان عوام پر چھوڑ دیا جائے ،افغانوں کے درمیان مذاکرات میں مداخلت سے یہ مذاکرات باربار تعطل کا شکار ہوجاتے ہیں ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق افغان سفیر عمر داؤد زئی نے افغان مسئلے کے حل کیلئے پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے عوام سے اخوت،بھائی چار ے اور ہمدردانہ رویے کا اظہار کیا ہے،افغانستان کے عوام پاکستان کے ساتھ اچھے اور برادرانہ تعلقات کے خواہاں ہیں ۔عمرداؤدزئی نے افغانستان میں قیام امن کیلئے جماعت اسلامی کے کردار کی بھی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ افغانستان کو پاکستان کا تعاون ہمیشہ حاصل رہے گا۔