سپیکر قومی اسمبلی سے سید خورشید شاہ کی ملاقات،قانون سازی کو فوری اور فعال بنانے کے لیے اپوزیشن اپنا کردار ادا کرے:اسد قیصر

سپیکر قومی اسمبلی سے سید خورشید شاہ کی ملاقات،قانون سازی کو فوری اور فعال ...
سپیکر قومی اسمبلی سے سید خورشید شاہ کی ملاقات،قانون سازی کو فوری اور فعال بنانے کے لیے اپوزیشن اپنا کردار ادا کرے:اسد قیصر

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی ملاقات، قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  نے کہا کہ پارلیمان کے ماحول کو پرامن رکھنا اور پارلیمان کے وقار میں اضافہ کرنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے،پارلیمنٹ کے وقار میں اضافے کے لیے ہمیں پارلیمانی اقدار کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوے باہمی احترام اور تحمل سے کام لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تنقید اپوزیشن کا حق ہے تاہم تنقید برائے تنقیدنہیں ہونی چاہیے بلکہ تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے،اس وقت ملک کو جن چیلینجوں کا سامنا ہے ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہمیں ایک دوسرے پر تنقید کرنے کی بجائے مل کر کام کرنا ہوگا اور قومی اہمیت کے حامل معاملات کو پارلیمینٹ کے ذریعہ حل کرنے کے لیے اپوزیشن کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  نے پارلیمانی ماحول کو سازگار بنانے میں اپوزیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی کمیٹیاں پارلیمان کا اہم جزو ہیں اور ان کی تشکیل کے بغیر قانو ن سازی عمل میں نہیں لائی جا سکتی،پارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں اور حکومتی نمائندوں سے رابطے میں ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل باہمی مشاورت کے ذریعہ مکمل کر لیا جاے گا، قانون سازی کرنا پارلیمان کا بنیادی فریضہ ہے اور ہم قانون سازی کے ذریعہ عوامی مسائل کو حل کر سکتے ہیں اور ایوان کے وقار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے حزبِ اختلاف کی جماعتوں کو قانون سازی کے عمل میں بھرپور حصہ لینے اور اس میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز دینے کے لیے کہا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین کی ایوان میں حاضری ان کی ایوان کی کاروائی سے سنجیدگی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کو ایوان کی کاروائی کو موثر انداز میں چلانے کے لیے اپنی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے کہا۔خورشید احمد شاہ نے سپیکر کے غیر جانبدارانہ کردار کو سراہا اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں اپنی جماعت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین د ہانی کرائی۔ انہوں نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے معاملے کو خو ش اسلوبی سے حل کرنے اور دیگر قائمہ کمیٹیوں کی جلد تشکیل کے لیے سپیکر کی کاوشوں کی بھی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل باہمی مشاورت سے جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے موثر قانون سازی کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے مابین اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

مزید : قومی


loading...