وزیر خارجہ 15جنوری کو واشنگٹن کا دورہ کریں گے

 وزیر خارجہ 15جنوری کو واشنگٹن کا دورہ کریں گے
 وزیر خارجہ 15جنوری کو واشنگٹن کا دورہ کریں گے

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ 15 جنوری کو واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں  سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے بعد سعودی عرب اور ایران بھی جاوں گا،پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کسی کی بھی جنگ میں فریق نہیں بنے گا،پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان سہولت کاری کے لیے تیار ہے،پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان بھی مذاکرات کرانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نےکہاکہ مقبوضہ کشمیر میں غیرملکی سفیروں کےدورے سےمتعلق بھارتی ڈرامہ ناکام ہوگا،غیرملکی سفیروں نے بھارت سے کشمیر کا آزادانہ دورہ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے،غیرملکی سفیروں نے بھارت سے کشمیری قیادت کی نظربندی سے متعلق بھی سوالات کیے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بحرین کے ہم منصب شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی اور شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ سے گفتگو میں ایران، امریکا کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے منفی اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔بحرین کے وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کو کم کروانے اور قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنے پر اتفاق کیا۔

مزید : قومی