اُمت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے،قاری زوار بہادر

  اُمت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے،قاری زوار بہادر

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) جمعیت علماء پاکستان کے رہنماء مفکر اسلام علامہ قاری محمد زوار بہادر نے جامعہ محمدیہ رضویہ میں جمعیت علماء پاکستان کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُمت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے اس موقع پر مولانا نصیراحمد نورانی،رشید احمد رضوی،مولانا محمد سلیم اعوان، محمد ارشد مہر،محمد الیاس فریدی، مولاناشبیر حسین فریدی، علامہ صفدر علی طیبی، عبدالجبار،پیر عبدالواحد،صاحبزادہ رضوان قادری اور دیگرکارکن موجود تھے۔قاری زوار بہادرکا کہنا تھا کہ مسلمان ممالک اس وقت انتہائی اہم موڑ پر کھڑے ہیں اُمت مسلمہ کو ایک جسم کی مانند ہو کرمجبور و بے کس مسلمانوں کے درد کو محسوس کرنا چاہیے۔بدقسمتی سے بڑے اسلامی ممالک کے حکمران بے حسی اور مصلحت کا شکار ہیں اور اپنے ممالک کی معیشت، تعلقات اور مفادات کو اُمت مسلمہ پر ترجیع دے رہے ہیں اور اگر ان مسلم ممالک کا یہ رویہ برقرار رہا تو دشمن پوری اُمت مسلمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارتی اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمان کسی مسیحا کا انتظار کررہے ہیں مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کو تقریباً 6 ماہ ہونے کو ہیں مگر مسلم حکمران ان کشمیری مسلمان بہن بھائیوں کے لیے کوئی اقدام کرنے کی بجائے خاموشی اور بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں اگر مسلم ممالک مل کر کوشش کریں تو کشمیری اور بھارتی نہتے مسلمانوں کو بھارتی افواج اور غنڈوں سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1