شہریوں کو عمارتی نقشوں کی آن لائن فیس جمع کرانے کی سہولت مل گئی

    شہریوں کو عمارتی نقشوں کی آن لائن فیس جمع کرانے کی سہولت مل گئی

  



لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عمارتی نقشے منظور اور تکمیلی سرٹیفکیٹ جاری کروانے کے لئے شہریوں کو15 جنوری سے مطلوبہ فیس آن لائن ادا کرنے کی سہولت مہیا کردی۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے سمیر احمد سید کی زیر صدارت اجلاس میں ورلڈ بینک کے ایز آف ڈوئنگ بزنس پروگرام کے تحت شہریوں کو یہ سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا -عمارتی نقشے منظور اور عمارتوں کی تعمیر مکمل ہونے پر تکمیلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لئے فیس وصول کرنے کی خاطر چالان فارم 15 جنوری سے ملک بھر میں الائیڈ بینک کی تمام شاخوں پر آن لائن دستیاب ہوں گے-شہری کسی بھی برانچ میں ایل ڈی اے کے واجبات جمع کرواسکیں گے-

ایل ڈی اے ون ونڈو سیل پر واقع بینک کے بوتھ کے علاوہ یہ واجبات انٹرنیٹ بینکنگ‘گھر بیٹھے ہی موبائل فون کے ذریعے اور اے ٹی ایم مشینوں پر بھی جمع کروائے جا سکیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اعجاز خلیق رزاقی، ڈائریکٹر فنانس احمر سہیل کیفی، ڈائریکٹر کمپیوٹر سروسز عبد الباسط قمر، ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز علی شہزاد، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن کامران پرویزاور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی -اجلاس میں اے بی ایل اسلامک بینکنگ کے ہیڈ شیخ راشد رؤف،  ریجنل ہیڈ تنویر احمد اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1