وزیرخارجہ کا عراقی و بحرینی ہم منصوبوں سے رابطہ، نئے ایرانی سفیر کی ملاقات

وزیرخارجہ کا عراقی و بحرینی ہم منصوبوں سے رابطہ، نئے ایرانی سفیر کی ملاقات

  



  اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عراقی وزیر خارجہ محمد علی الحکیم اور بحرینی ہم منصب شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ سے سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ایران امریکہ کشیدگی سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے،یہ خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا،پاکستان نے واضح طور پر کہا ہے کہ فریقین کو معاملات،اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل اور عالمی قوانین کی روشنی میں افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ فریقین کو ملکی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیے،بات چیت کا ماحول پیدا کرنے کیلئے،کشیدگی میں کمی لانا ہو گی۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر بھی اتفاق رائے کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ نے خطہ میں کشیدگی کو کم کرانے اور قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے بطورسفیر پاکستان میں تعیناتی پر سیدمحمد علی حسینی کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ تاریخی، مذہبی و کثیرالجہتی برادرانہ تعلقات ہیں، وزیر خارجہ نے امید کا اظہار کیا کہ ان کی بطور سفیر تعیناتی سے پاک ایران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد نہیں، پاکستان علاقائی کشیدگی کم کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، اس مقصد کیلئے خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر جلد ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہوں گے۔

وزیرخارجہ 

مزید : صفحہ اول


loading...