پنجاب میں شعبہ صحت کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے: عثما ن بزدار

    پنجاب میں شعبہ صحت کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے: عثما ن ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جس حد تک ممکن ہوا اقدامات کئے جائیں گے، پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے کیلئے بجٹ میں 27فیصد اضافہ کیاہے،صوبے کے دور دراز علاقوں میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں جبکہ سابق دور میں پسماندہ علاقے صحت کے لحاظ سے بھی پسماندہ رکھے گئے اور ہم نے ہر شعبے میں ترقی کی یکساں پالیسی اپنائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی کارکردگی اور صحت کے شعبہ میں جاری بڑے منصوبوں پر پیشرفت  سے متعلق جائزہ  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ہدایت کی کہ ملتان میں نشترہسپتال2 کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کیاجائے، وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی عمارت کے تعمیراتی کاموں کو اگلے برس تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبے سے متعلقہ امور فی الفور طے کئے جائیں، شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے شیخ زید ہسپتال رحیم یا رخان کے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں ہسپتال کی عمارت سے متعلقہ کام جلد مکمل کئے جائیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیزکے منصوبے کے قیام کیلئے پلان مرتب کیا جائے۔ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کر کے سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا اور اس ضمن میں پنجاب حکومت ہر طرح کے وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو حقیقی معنوں میں شفا خانے بنائیں گے۔ نئے پاکستان میں مریضوں کو معیاری علاج معالجہ دے کر ان کا حق لوٹائیں گے۔ صوبے میں ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنانا ہمارا فرض ہے اور ہسپتالوں کو اس معیارتک لے جانا چاہتا ہوں کہ باہر سے لوگ علاج کیلئے یہاں آئیں۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے صحت کے شعبہ میں جاری منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بلوچستان میں ریسکیو سروسز کے آغاز کیلئے تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایک مراسلے میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بلوچستان میں ریسکیو سروسز کیلئے مثالی اور غیر معمولی انداز میں معاونت کی ہے اورہم آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت کے بے پناہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔بلوچستان میں ریسکیو سروس کا آغاز حکومت پنجاب کی معاونت سے ممکن ہوااورہم مثالی تعاون اور خیرسگالی کے جذبات پر آپ اور حکومت پنجاب کے ممنون ہیں اورانشاء اللہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب کے ساتھ ہماری پارٹنرشپ مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بسنے والے بھائیوں کی خدمت ہمارا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ ترقی کے سفر میں بلوچستان اور دیگر صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سب کو مل کر محنت کے ساتھ کام کرنا ہے۔ 

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول