سیکرٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک کا قومی ادارہ امراض قلب کا دورہ

سیکرٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک کا قومی ادارہ امراض قلب کا دورہ

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگیولیشنز اینڈ کوآرڈینشنزڈاکٹر اللہ بخش ملک نے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کا دورہ کیا، جہاں پر ان کو این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے تفصیلی بریفننگ دی۔ اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے ایڈمنسٹریٹو ایگزیکٹو ڈاکٹر حمید اللہ ملک، سی او ا و عذرہ مقصود اور منیجمنٹ کنسلٹنٹ حیدر اعوان بھی موجود تھے۔ بریفننگ کے دوران این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے بتا یا کہ کچھ دن پہلے پیڈز آئی سی یو میں آگ لگی تھی اور دھواں پھیلنے کی وجہ سے آپریشن تھیٹرز اور سرجیکل آئی سی یوز بھی متاثر ہوئے تھے اورانفیکشن پھیلنے کی وجہ سے ان کو عارضی طو رپر بند کیا گیا تھا، جن میں سے سرجیکل آئی سی یو کی مرمت کا کام مکمل ہو گیا ہے جبکہ آپریشن تھیٹرز کوانفیکشن کنٹرول ٹیم کی کلیئرنس ملنے کے بعد 10 روز کے اندر فعال بنایا جائیگا۔اللہ پاک کا احسان ہے کہ این آئی سی وی ڈی سکھر، ٹنڈو محمد خان اور لاڑکانہ میں آپریشن کی سہولت موجود ہے، جہاں ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو شفٹ کیا جائیگا کیونکہ ہمارے لئے مریضوں کی زندگیاں قیمتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی میں ملک بھر سے آنے والے لاکھوں مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید اور مہنگا علاج مفت فراہم کیا جاتا ہے جبکہ 2017 سے پہلے مریضوں سے پیسے وصول کے جاتے تھے۔2019 میں پورے این آئی سی وی ڈی سسٹم میں 24 لاکھ سے زائد مریضوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ خدمات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ صرف 2019 میں این آئی سی وی ڈی کراچی میں 9 ہزار سے زائد پرائمری اینجوپلاسٹییز کی گئی اورپرائمری انجیوپلاسٹیز کا اتنا نمبر دنیا میں کہیں نہیں ملتا جس کے باعث این آئی سی وی ڈی دنیا بھر میں پرائمری انجیوپلاسٹیز کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے۔ وفاق سے سندھ میں منتقلی کے بعد این آئی سی وی ڈی میں بے تحاشہ ترقی کی ہے اور ہم ایک بہترین سسٹم کے تحت مریضوں کوعلاج کی جدید خدمات فراہم کرنے میں مصروف ِ عمل ہیں۔پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ مریضوں کوانہی کے گھروں کے قریب علاج کی مفت خدمات فراہم کرنے کے لئے2 سال کے مختصر عرصے میں 9 سیٹ لائٹ سینٹرز اور 14 چیسٹ پین یونٹس قائم کئے گئے ہیں، جو مریضوں کو امراضِ قلب کا جدیداور مہنگا علاج فراہم کرنے لیے دن رات کوشاں ہوتے ہیں اور ایسی مثال دنیا بھر میں کہیں نہیں ملتی۔اس موقع پر سیکریٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگیولیشنز اینڈ کوآرڈینشنز ڈاکٹر اللہ بخش ملک این آئی سی وی ڈی کے مختلف شعبہء جات کا دورہ کرنے کے بعدادارے کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی ملک کا بڑا امراضِ قلب کا ہسپتال ہے جہاں پر ملک بھر سے آنے والے لاکھوں مریضوں کو علاج کی بہترین خدمات مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور مریضوں کا اتنا بڑا نمبر دیکھ کر میں حیران ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کی بہتری کے لئے سندھ اور وفاق مل جل کر خدمات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں، ہم چاہتے ہیں کے یہ سسٹم چلتا رہے کیونکہ اس سے لاکھوں مریض مستفید ہو رہے ہیں جس کو کسی صورت میں رکنا نہیں چاہئے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد این آئی سی وی ڈی کا دورہ کرنے آیا تھا، مریضوں کو فراہم کرنے والی سروسز سے مکمل طور پر مطمئن ہوں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر