اہلسنت وجماعت کے وفد کی ایڈیشنل آئی جی کراچی سے ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اہلسنت وجماعت کے وفد نے کراچی میں ربیع الاول کے بہترین انتظامات کرنے پر محکمہ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کو اعزازی شیلڈ اور ترجمتہ القرآن کنزالایمان شریف کا تحفہ پیش کیا۔اس موقع پر اہلسنت وجماعت کے چئیرمین اور تنظیم المساجد اہلسنت پاکستان کے صدر مفتی عابد مبارک المدنی نے جرائم کی روک تھام منشیات بالخصوص گٹکا وقبضہ مافیا کے خلاف ایڈیشنل آئی جی کے اقدامات کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر برکاتی فاونڈیشن کے چئیرمین حاجی محمد رفیق پردیسی نے بزنس کمیونٹی کی جانب سے کراچی پولیس چیف کو شہر کی تعمیر وترقی،امن کے قیام اور معاشرے میں سدھار اور نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر وقاص ہاشمی اور علامہ مفتی سلطان احمد مدنی نے پولیس اور علما کرام کو مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ منبر رسولؓ سے قوانین پر عمل کرنے کے حوالے سے بھی عوام کو تربیت کا فریضہ سرانجام دیا جاسکے۔اس موقع پر حاجی طیب عثمان نے علما اور پولیس آفیشلز کے درمیان خوشگوار تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور ملاقاتوں کو اسی طرح جاری رکھنے کی امید کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اعزازی شیلڈ دینے اور پولیس کی کارکردگی کو سراہنے پر علما کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ تمام علما کرام سے جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے تعاون کی درخواست ہے اور علما کرام سے ملاقات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ معاشرے کی بہتری کے لئے علما کرام کی رائے کے مطابق کام کیا جائے۔