صوبائی حکومتیں اتوار بازار وں، چڑیا گھروں میں پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائیں: وفاقی وزراء

صوبائی حکومتیں اتوار بازار وں، چڑیا گھروں میں پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائیں: ...

  



اسلام آباد(آئی این پی) چڑیا گھر میں بندر کو پلاسٹک بیگ سے کھیلتے دیکھ کر فواد چوہدری اور زرتاج گل نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ صوبائی حکومتیں تو اتوار اور جمعہ بازاروں میں پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائیں، عوام حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور بے زبان جانوروں کا خیال رکھیں۔ جمعہ کو وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پنجاب چڑیا گھر کی ایک ویڈیو دیکھ کر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتیں تو اتوار اور جمعہ بازاروں میں پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائیں۔قبل ازیں، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے پنجاب کے چڑیا گھر کی ایک ویڈیو شیئر کی، بندروں کے پنجرے میں ایک بندر بچہ پلاسٹک کی تھیلی میں پھنسا ہوا تھا اور وہ اس سے نکلنے کے لیے جدوجہد کر رہا تھا۔زرتاج گل نے ٹویٹ میں لکھا کہ انہوں نے پولیتھین بیگز پر پورے پنجاب کے چڑیا گھروں میں پابندی لگانے کے لیے متعلقہ وزارت کو لکھ دیا ہے۔ ویڈیو پر انہوں نے کہا کہ یہ پلاسٹک تھیلیوں کے مسئلے کا ایک اور رخ ہے، جو اس ویڈیو میں نظر آ رہا ہے۔ میں نے پنجاب کے تمام چڑیا گھروں میں پلاسٹک تھیلیوں کی مکمل پابندی کے لیے کہہ دیا ہے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور بے زبان جانوروں کا خیال رکھیں۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے کلین اینڈ گرین تحریک شروع کر رکھی ہے تاکہ پاکستان کو ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ بنایا جا سکے، حال میں ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک تھیلیوں پر اسلام آباد میں پابندی عائد کی جا چکی ہے، لیکن اس کی اہمیت دیکھتے ہوئے پورے ملک میں اس پر پابندی کی ضرورت ہے۔زرتاج گل نے کہا کہ انہیں لوگوں نے پنجاب کے چڑیا گھروں میں پلاسٹک کی تھیلیوں کے سلسلے میں کئی ویڈیوز بھیجی ہیں۔

زرتاج گل

مزید : صفحہ آخر


loading...