آکلینڈ اوپن ٹینس، آسیہ محمد، ٹیلر ٹاؤن سینڈ، سرینا ولیمز، کیرولین کی سیمی فائنل میں رسائی
آکلینڈ(آئی این پی)آسیہ محمد اور ٹیلر ٹاؤن سینڈ پر مشتمل امریکی جوڑی ڈبلیو ٹی اے آکلینڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔انہوں نے کوارٹر فائنل میچ میں فرانس کی کیرولین گارشیا اور انکی جرمن جوڑی دار جولیا گورجس کو شکست دیکر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ جمعہ کو نیوزی لینڈ میں جاری ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں کھیلے ویمنز ڈبلز کوارٹر فائنل میچ میں آسیہ محمد اور ٹیلر ٹاؤن سینڈ پر مشتمل امریکی جوڑی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کی کیرولین گارشیا اور انکی جرمن جوڑی دار جولیا گورجس کوسٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-1 سے ہرا کر ایونٹ کے ٹاپ فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ دوسری جانب امریکہ کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ سرینا ولیمز اور ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی ڈبلیو ٹی اے آکلینڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ جرمنی کی جولیا گورجز کوارٹر فائنل میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔جمعہ کو نیوزی لینڈ میں خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل آکلینڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میچ میں سرینا ولیمز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جرمن کھلاڑی لورا سیجیمونڈ کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-3 سے ہرا کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ڈنمارک کی ففتھ سیڈڈ کیرولین وزنائیکی نے جرمنی کی جولیا گورجز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-4 سے مات دیکر ایونٹ کا ٹاپ فور راؤنڈ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا جہاں انکا مقابلہ امریکہ کی جیسیکا پیگولا سے ہفتہ کو ہوگا۔