پنجاب پولیس غیر ملکیوں کے تحفظ کیلئے شب وروزمصروف عمل ہے: آئی جی پنجاب
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ پنجاب پولیس غیر ملکی شہریوں، ماہرین اورسرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے اور اس سلسلہ میں خاص طور پر سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو بہترین تربیت کے ساتھ ساتھ جدید سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں تاکہ دور جدید کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاحت پر آنے والے غیر ملکی سیاحوں کے تحفظ، راہنمائی اور مدد کیلئے ٹورسٹ پولیس بھی اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے جس کے مفید نتائج سامنے آرہے ہیں جبکہ سی ٹی ڈی صوبے میں دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے جس کی وجہ سے گزشتہ برسوں کی نسبت صوبہ میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکن قونصل جنرل کیتھرین راڈریگیزکی سربراہی میں آئے تین رکنی وفد سے سی پی او میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کے دیگر اراکین میں سینئر سکیورٹی اتاشی میتھیو کوپیک اورسیکیورٹی آفیسر افضال عارف شامل تھے۔دریں اثنا انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت اور تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے صوبے کے مختلف اضلاع میں پولیس کے شروع کردہ تمام زیر تکمیل پراجیکٹس کو مقررہ کردہ ڈیڈ لائن کے اندر ہرصورت مکمل کیا جائے بالخصوص نئے پراجیکٹس اور وسائل کے حصول کے حوالے سے حکومت پنجاب کو بھجوائی گئی سمریز کا باقاعدگی سے فالواپ لیا جائے جبکہ محکمہ خزانہ سمیت دیگر اداروں میں بھجوائی جانے والی سمریز کو افسران ذاتی دلچسپی اور توجہ سے جلد از جلد فائنل کرائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں پولیس کے ترقیاتی پراجیکٹس، دستیاب وسائل کی اپ گریڈیشن اور محکمانہ امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔دریں اثنا انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کوئٹہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دھماکہ کے تناظر میں صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
آئی جی پنجاب