سرکاری امور کی انجام دہی کیلئے سسٹم کو ڈ یجٹیلا ئز کررہے ہیں، محمود خان

سرکاری امور کی انجام دہی کیلئے سسٹم کو ڈ یجٹیلا ئز کررہے ہیں، محمود خان

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخواحکومت کی ڈیجٹائزیشن کے عمل کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت تمام محکموں میں ڈیجٹائزیشن کو متعارف کرارہی ہے جو ڈیجٹل پاکستان اقدام کی طرف ایک اہم قدم ہو گا۔ اُنہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت تمام تر شعبہ جات میں اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، صوبے کے سرکاری اُمور کے روایتی اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے ڈیجٹائزکرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، جس سے سرکاری اُمور نمٹانے میں وقت کی بچت بھی ہو گی اور کارکردگی میں بھیمزید بہتری آسکے گی۔ جدید دور کا تقاضا ہے کہ تمام سرکاری اُمور ڈیجٹل ہوں۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں صوبائی حکومت کی ڈیجٹائزیشن لائحہ عمل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں چیف آف ڈیجٹل پاکستان وژن کمپین مس تانیہ ادریس، وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش، چیف سیکرٹری کاظم نیاز، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کو خیبرپختونخوا حکومت کی ڈیجٹائزیشن حکمت عملی پر تفصیلی بریفینگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ روایتی سرکاری نظام کو ڈیجٹیل کرنے سے تمام تر سرکاری اُمور جدید ٹیکنالوجی کے اپلیکشن کے ذریعے نمٹائے جائیں گے جس سے دفاتر میں سرکاری اُمور کو کم وقت میں بہترین طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ ڈیجٹائزیشن سے محکموں میں تمام اُمور پیپر لیس ہوجائیں گے جبکہ سروس ڈیلیوری اور فیڈ بیک میں بھی بہتری آئے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجٹائزیشن کا عمل مختلف فیزز میں مکمل کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام کے دفاتر میں سمریز، سرکاری خط و کتابت، میمو، آفس آرڈر اور دیگر تمام اُمور ڈیجٹائز کرنے سے عمل درآمد کو تیز تر کیا جاسکے گا۔ پہلے فیز میں تمام انتظامی سیکرٹریز اور محکموں کیلئے ڈیجٹائزیشن کا لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے جبکہ دوسرے فیز میں تمام صوبائی محکموں کی ڈیجٹائزیشن کیلئے روڈ میپ وضع کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیاکہ پہلے دو فیزز کے لئے ڈیجٹائزیشن عمل کے پی آئی ٹی بورڈ کے ذریعے مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جدید تقاضوں کے عین مطابق ہمیں ڈیجٹائزیشن کی طرف جانا ہے، شعبہ آئی ٹی میں اصلاحات لانا وقت کی ضرورت ہے، اُنہوں نے مزید کہاکہ پہلی فرصت میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی ڈیجٹائزیشن کیلئے اقدامات ممکن بنائے جائیں گے تاکہ سرکاری اُمور نمٹانے میں وقت کا ضیاع نہ ہو۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کی ڈیجٹائزیشن اقدام باقی صوبوں کیلئے رول ماڈل ثابت ہو گا۔ ڈیجٹل پاکستان اقدام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے صوبے میں ڈیجٹائزیشن حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول


loading...