پاکستان اور عراق کا خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق

پاکستان اور عراق کا خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق

  



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے،یہ خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا،پاکستان نے واضح طور پر کہا ہے کہ فریقین کو معاملات،اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عراقی وزیر خارجہ محمد علی الحکیم سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ایران امریکہ کشیدگی سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ فریقین کو ملکی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیے،بات چیت کا ماحول پیدا کرنے کیلئے،کشیدگی میں کمی لانا ہو گی،وزیر خارجہ نے اپنے عراقی ہم منصب کو مطلع کیا کہ وہ ترکی، ایران،متحدہ عرب امارات، سعودی عرب،قطر اور روس کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اس صورتحال پر تبادلہ خیال کر چکے ہیں اور جلد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہو رہے ہیں،دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں پائی جانے والی کشیدگی میں کمی لانے کیلئے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے اور قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا اور عراقی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے آور قیام امن کیلئے کی جانے والی پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات کی، وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد نہیں، پاکستان علاقائی ممالک کے درمیان کشیدگی کم کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، اس مقصد کیلئے خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے جاری ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر جلد ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہوں گے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بطورسفیر پاکستان تعیناتی پر سیدمحمد علی حسینی کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ تاریخی، مذہبی و کثیرالجہتی برادرانہ تعلقات ہیں، وزیر خارجہ نے امید کا اظہار کیا کہ ان کی بطور سفیر تعیناتی سے پاک ایران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

اتفاق

مزید : صفحہ اول


loading...