وزیراعظم کاویژن : ریل روڈ نیٹ ورکس ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،معاون خصوصی

وزیراعظم کاویژن : ریل روڈ نیٹ ورکس ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ...
وزیراعظم کاویژن : ریل روڈ نیٹ ورکس ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،معاون خصوصی

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا یہ ویژن ہے کہ ریل روڈ نیٹ ورکس ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دیئے گئے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ’بارہ ماہ کے قلیل عرصہ میں اضاخیل ڈرائی پورٹ کا پایہ تکمیل کو پہنچنا وزیر ریلوے اور ان کی ٹیم کی محنت اور مخلصانہ کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔کراچی سے پشاور ایم ایل ون منصوبہ،15 مال برداراور نئی مسافر ٹرینوں کا چلنا نئے پاکستان میں بدلتے ہوئے ریلوے کا مظہر ہے‘۔

اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ’ریلوے ملک کی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان ریلوے کی ترقی اور بحالی کیلئے پرعزم ہیں۔ان کا وژن ہے کہ قوموں کی ترقی اور ملکی معیشت میں ریل روڈ نیٹ ورکس ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ’اضاخیل نوشہرہ ریلوے ڈرائی پورٹ کا قیام تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔ جدید ترین سہولیات سے لیس یہ پورٹ نہ صرف عوام اور تاجروں کی ضروریات پوری کرے گی بلکہ مال برداری کی نقل و حمل میں بہت آسانیاں پیدا ہوں گی‘۔

مزید : قومی /اہم خبریں