اپوزیشن کے پیٹ میں کرپشن کی بجائے ملک کے معاشی طور پر آگے بڑھنے کا درد ہے:مسرت  جمشید چیمہ

اپوزیشن کے پیٹ میں کرپشن کی بجائے ملک کے معاشی طور پر آگے بڑھنے کا درد ...
اپوزیشن کے پیٹ میں کرپشن کی بجائے ملک کے معاشی طور پر آگے بڑھنے کا درد ہے:مسرت  جمشید چیمہ

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیراطلاعات پنجاب  کی میڈیا ایڈوائزر اور چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہاہے کہ اپوزیشن کے پیٹ میں صرف یہ درد ہے کہ موجودہ حکومت ان کی کرپشن اور لوٹ مار کی روایت کوآگے بڑھانے کی بجائے ملک کو معاشی طور پر کیوں آگے بڑھا رہی ہے ؟ن لیگ نے پنجاب میں اپنے دس سالہ دوراقتدار کوصرف انجوائے کیا ہے جس کے اصل حقائق جلد عوام کے سامنے آئیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی  مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نام نہاد خادم اعلیٰ کی طرح صرف فوٹو شوٹ کرانے کی بجائے صوبے کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں جس سے عوام کی زندگیوں میں واضح تبدیلی نظرآئے گی ، ہم پل اور سڑکیں بھی بنائیںگے لیکن ہماری ترجیح عوام کو تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہے جس پرہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کے طعنے دینے والوں نے صرف اپنے اور اپنے حواریوں کے لئے سوچ بچار کی ، پناہ گاہوں اورلنگرخانوں کا منصوبہ انتہائی پسے ہوئے طبقات کیلئے ہنگامی امداد کے طورپر ہے اورانشا اللہ ہم ان طبقات کو نہ صرف اپنے پاؤں پرکھڑا کریں گے بلکہ انہیں قومی دھارے میں شامل کریںگے۔انہوں نے کہاکہ عوام اپوزیشن کی بے چینی کی وجوہات سے آگاہ ہیں لیکن انہیں مشورہ ہے کہ اب اقتدار کیلئے بے چین ہونے کی بجائے صبر کرنے کی عاد ت اپنا لیں کیونکہ انشااللہ آئندہ انتخابات میں بھی تحریک انصاف کی حکومت بنے گی اورترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔مسرت جمشید چیمہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ  نیب قوانین میں تبدیلی اس لیےکی تاکہ کسی کےبنیادی حقوق مجروح نہ ہوں یاسزاسے ذاتی انتقام کا تاثر نہ جائے، اسلامی نظریاتی کونسل کا کام ملکی قوانین کو اسلام کے مطابق ڈھالنا ہے اور انشاء اللہ وہ قانون پاس ہوگا جو اسلام کے مطابق ہوگا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...