ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری شروع، پاکستانیوں کیلئے سردی سے متعلق بڑی خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث ملک بھر میں سردی کی نئی لہر آنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشین، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، ژوب اور ہرنائی میں بارش ہو رہی ہے جبکہ پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ کوژک ٹاپ، کوہ خواجہ عمران، توبہ اچکزئی اور کان مہتر زئی میں بارش ہو رہی ہے جبکہ کوژک ٹاپ پر برفباری کے باعث پھسلن پیدا ہو چکی ہے جس کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پر آمدو رفت متاثر ہوئی ہے۔
نجی خبر رساں ادارے جیو نیوز کے مطابق طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ قلعہ عبداللہ کے علاقے کلی بدوان شرن میں زیر تعمیر ڈیم ٹوٹنے کا خطرہ بھی پیدا ہو چکا ہے جس کے باعث ایری گیشن حکام نے ڈیم کے قریب مقیم افراد کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔