ٹینس کو فروغ دینے کیلئے بچوں کی اکیڈمی شروع کررہے ہیں:ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب

ٹینس کو فروغ دینے کیلئے بچوں کی اکیڈمی شروع کررہے ہیں:ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ...
ٹینس کو فروغ دینے کیلئے بچوں کی اکیڈمی شروع کررہے ہیں:ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب

  



لاہور (صباح نیوز)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ میں یہ پہلا ایونٹ منعقد کرایا گیا ہے،  اگلی چیمپئن شپ کے تمام میچز ٹینس کورٹ میں ہی کرائے جائیں گے، عالمی معیار کے ٹینس کورٹ کی سہولت سے استفادہ کرنے اور ٹینس کو فروغ دینے کے لئے بچوں کی ٹینس اکیڈمی شروع کررہے ہیں تاکہ بچے جدید ٹینس کورٹ میں تربیت حاصل کرسکیں، سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ  کے ساتھ مزید پانچ کورٹ بنائے جائیں گے، ٹینس سٹار اعصام الحق کو بھی مدعو کریں گے تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام منعقد ہونے والی پہلی سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رشید ملک، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ریاض احمد، رئیس الرحمان و دیگر بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئن شپ تازہ ہوا کا جھونکا ہے، کھلاڑیوں نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، ٹینس کے کھلاڑیوں کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ بنایا گیا ہے جس میں جدید سہولتیں میسر ہیں، ٹینس کورٹ میں یہ پہلا ایونٹ منعقد کیا گیا ہے انشاء اللہ آئندہ سے تمام میچز ٹینس کورٹ میں ہی کرائے جائیں گے، وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے مزید 5 ٹینس کورٹ بنانے کا کہا ہے جس پر جلد کام شروع کردیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ چیمپئن شپ میں صوبہ بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے، ٹینس کے کھیل میں ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جن کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے ٹینس اکیڈمی شروع کررہے ہیں جس میں کھلاڑیوں کو ماہر کوچز تربیت دیں گے، پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو۔

مزید : کھیل


loading...