سرد موسم کے دوران کوئی بھی گھر نہیں گرایا جائے گا:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام کمشنرز اور ڈی سیز کو ہدایات کی ہیں کہ کسی بھی غریب شخص کے کچے گھروں اور کاٹیجز کو نہ گرائیں نہیں تو انکے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا،سرد موسم کے دوران کوئی بھی گھر نہیں گرایا جائے گا،اجلاس میں کمشنر کراچی اور شہر کے ڈپٹی کمشنر ز بھی موجود تھے جبکہ صوبے کے دیگر کمشنرز اور ڈپٹی کمنشرز وڈیو لنک پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ جاری سرد موسم کے دوران کوئی بھی گھر نہیں گرایا جائے گا، سپریم کورٹ نے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور نالوں کے ساتھ تجاوزات کو ہٹانے کا حکم دیا تھا مگر ضلعی انتظامیہ نے کینالز کے کناروں کے ساتھ موجود گھروں کو گراناشروع کردیا اور انھیں اور انکے بچوں کو کھلے آسمان کے نیچے چھوڑ دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک غیر انسانی فعل ہے جوکہ ناقابل برداشت ہوگا، اگر کوئی بنگلہ جوکہ قبضہ کی ہوئی زمین پر تعمیر کیا گیا ہے اور اسے گرایا جاتا ہے تو انھیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا مگر جہاں تک کچے گھروں اور جھونپڑوں کا تعلق ہے تو میں انھیں گرانا برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انکی ہدایات پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے ملاقات کی تھی اور اس سے درخواست کی تھی کہ وہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی جانب سے کچے گھروں کے خاتمہ /گرانے کے احکامات کو روکیں۔