"مافیاز کا بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے، قوم دودھ اور شہد کی نہریں بہنے سے بیزار ہو چکی"

"مافیاز کا بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے، قوم دودھ اور شہد کی نہریں بہنے سے بیزار ...

  

شیخوپورہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما  رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مافیاز کا بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے، قوم دودھ اور شہد کی نہریں بہنے سے بیزار ہو چکی ہے،نالائقوں اور کام چوروں کا ٹولہ سسٹم میں موجود بجلی بھی پاکستانیوں کو فراہم کرنے کے صلاحیت نہیں رکھتا،پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پورا ملک16 گھنٹوں سے زائد اندھیرے میں ڈوبا رہا،باتیں چاند اورمریخ پر جانے کی کرتے ہیں لیکن ان میں صلاحیت بجلی کاایک یونٹ پیدا کرنے کی نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ نوازشریف نے سسٹم میں 13ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی،نالائقوں اور کام چوروں کا ٹولہ سسٹم میں موجود بجلی بھی پاکستانیوں کو فراہم کرنے کے صلاحیت نہیں رکھتا،حکمرانوں کے خوشامدی انہیں خوش کرنے کیلئے بے بنیاد بیانات داغنے کی بجائے اتنی توجہ ملکی مسائل پر دیں تو عوام کو ریلیف کی فراہمی کی کوئی امید کی جاسکتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ نوازشریف،شہبازشریف اور اُن کی ٹیم نے دن رات محنت کرکے 13ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی،شہبازشریف حکومت نے اپنے وسائل سے قائداعظم سولر پاور،حویلی بہادر شاہ،بھکھی پاور پلانٹ جیسے منصوبے لگائے،نوازشریف نے دیامر بھاشا ڈیم کی زمین 120 ارب روپے میں خریدی،نوازشریف کے جانے کے بعد تمام میگاپراجیکٹس کو بریک لگ گئی ہے،پاکستان کی ترقی کا راز صرف نواز شریف اور ان کی ٹیم کی پاس ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلسل مہنگائی نے عوام کو رلا کر رکھ دیا ہے،چینی،آ ٹا چور مافیاز نے مہنگائی اورمصنوعی بحران سے ملک کے ہر طبقے کوپریشانی سے دوچار کردیا ہے،دیہاڑی دار مزدور اور چھوٹے طبقات کے لو گ گھروں کے چولہے بجھ جانے سے خود کشیاں کررہے ہیں،حکمران طبقہ کی سنگدلی سے آٹا چینی دودھ اور اشیائے خردو نوش کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب عوام کے بچوں سے منہ کے نوالہ تک چھین چکا ہے،غریب عوام کے ساتھ ساتھ متوسط طبقہ بھی اس مہنگائی کی سونامی میں پھنس چکا ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -شیخوپورہ -