ایل ڈی اے، 2020ء کے دوران متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل، کئی پر کام جاری 

ایل ڈی اے، 2020ء کے دوران متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل، کئی پر کام جاری 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب کی رہنمائی میں سال 2020ء کے دوران لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، کاروبار دوست پالیسوں کے نفاذ اور شہریوں کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لئے حوصلہ افزاپیش رفت کی گئی۔ روزگار کے مواقع پیدا کر نے اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی خاطر ایل ڈی اے لینڈ یوز ریگولیشنز کی منظوری دی گئی - شہریوں کو تجارتی، کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے زمین کے استعمال میں تبدیلی کی اجازت دینے کا طریقہ کار متعین کیا گیا اور لاہور ڈویڑن کے چاروں اضلاع میں سینکڑوں نئے کاروبار شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی-کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کمرشلائزیشن فیس کی یکمشت ادائیگی پر5فیصد رعایت اور قسطوں کی صورت میں اد کرنے کے لئے 2کی بجائے 3سال میں جمع کروانے کی سہولت دی گئی۔کاروبارکی توسیع کے لئے پہلے سے زیر استعمال زمین کے برابر اراضی ساتھ ملانے کی اجازت اور فلاحی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے این جی اوز اور رفاہی اداروں کوکمرشلائزیشن فیس کی چھوٹ دے دی گئی۔24 کنال سے 200کنال تک رقبے پرکمرشل زون(ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ)بنانے کی اجازت اور پروفیشنلز کو اپنی رہائش گاہ کے 25فیصد کورڈ ایریا پر پیشہ وارانہ امور انجام دینے کی اجازت اور کمرشلائزیشن فیس معاف کر دی گئی-ایل ڈی اے سٹی سکیم کے13ہزار کنال پر مشتمل فیزون کے جناح سیکٹر میں 10017فائل مالکان کو پلاٹ ایلوکیٹ کرنے کے بعد 10ہزار کنال پر مشتمل اقبال سیکٹر پر کام شروع کر دیا گیا ہے- جناح سیکٹر میں تین ارب روپے کی لاگت سے دن رات دو شفٹوں میں ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں۔متوسط طبقے کے افراد کو سستی اور معیاری رہائشی سہولت مہیا کرنے کے لئے فائل ہولڈرز سے ترقیاتی اخراجات آدھے وصول کئے جارہے ہیں جوکہ دوسال پر مشتمل سہ ماہی آسان اقساط میں لئے جا رہے ہیں۔ ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی نے تخمینہ جات پر نظر ثانی کر کے ترقیاتی اخراجات مزید کم کر دئیے ہیں -17سال پہلے شروع کی جانے والی رہائشی سکیم ایونیو ون کی اراضی پر واقع مختلف رہائشی سکیموں سے تنازعے اور عدالتی چارہ جوئی کے باعث دو ہزارمتاثرہ الاٹیوں کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ دینے کا معاملہ سے زیر التوا تھا۔اس مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایونیو ون کے تقریباً1300 متاثرہ الاٹیوں کو ان کے پلاٹوں کے قبضے مل سکیں گے۔اس اراضی پرترقیاتی کام شروع کر دیئے گئے ہیں۔فردو س مارکیٹ گلبرگ کے قریب لعل شہباز قلندر انڈر پاس اورملتان روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب بابِ لاہورکی تعمیرمکمل کی گئی۔ جناح ہسپتال کے قریب پیدل سڑک پار کرنے والوں کے لئے اووہیڈبرج کی تعمیر بھی مکمل کی گئی۔ جوہر ٹاؤن، گلبرگ، علامہ اقبال ٹاؤن، کینال بینک روڈ، ہربنس پورہ، گجر پورہ، سمن آباد، ملتان روڈ اور دیگر علاقوں میں سڑکوں کے پیچ ورک کا کام کیا ہے۔ ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو تک نہر روڈ پر نہر کے دونوں اطراف 11 انڈر پاسوں پر صفائی، دھلائی، پینٹنگ اور لائٹس کی تنصیب کا کام جبکہ کینال روڈ پر پیدل چلنے والوں کے لئے 15 اوورہیڈ پلوں کی صفائی اور دیکھ بھال بھی کی جارہی ہے۔لارنس روڈ پر رین واٹر ہارویسٹنگ سمیت دیگر کئی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جن پر لاکھوں روپے کی لاگت آئے گی۔