تبدیلی حکومت عوام کیلئے وبال جان بن چکی ہے،جاوید قصوری
لاہور (نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اڑھائی برس گزر چکے ہیں مگر آج بھی عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ تبدیلی حکومت عوام کے لیے وبال جان بن چکی ہے۔ اگر حکمرانوں نے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم نہ کیا تو ان کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں کی طرح عبرتناک ہوگا۔ جماعت اسلامی ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات دلاسکتی ہے۔ ملک کے عوام جماعت اسلامی کی بے داغ قیادت پر اعتماد کا اظہار کرے۔ہزاروں افراد منتخب ہوکر قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں گئے، الحمد للہ کسی ایک پربھی کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں لیڈر شپ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات ہونی چاہییں۔ لاہور سمیت پنجاب کے بیشترشہر، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں کئی گھنٹوں تک تاریکی چھائی رہی۔ انٹر نیٹ سروس معطل ہونے سے عوام کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ پورے ملک میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ مجموعی طور پر 202شہروں میں بریک ڈاؤن ہوا۔انہوں نے کہا کہ رات ساڑھے گیارہ بجے شروع ہونے والا بریک ڈاؤن نو گھنٹے تک جاری رہا۔ اس کے ذمہ داران کی نشاندہی کرتے ہوئے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔ صرف ایک رات کے بجلی کے بریک ڈاؤن سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بد قسمتی سے موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ مسائل ختم ہونے کی بجائے بڑھتے چلے جارہے ہیں۔ انا پرستی اور ضدی رویہ وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتا۔ ملکی معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھایا جاتا ہے۔ ہٹ دھرمی ہمیشہ نقصان کا باعث بنتی ہے۔ وزیر اعظم اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کریں۔