گزشتہ ماہ پاکستان میں ترسیلات زر کا نیا ریکارڈ قائم ہوا، عبدالعلیم خان

  گزشتہ ماہ پاکستان میں ترسیلات زر کا نیا ریکارڈ قائم ہوا، عبدالعلیم خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں ترسیلات زر کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک مہینے میں 2.4ارب ڈالر کی رقم پاکستان آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ سمیت دنیا بھر سے سمندر پار پاکستانی ریکارڈ رقم پاکستان بھجوا رہے ہیں اور غیر معمولی طور پر گزشتہ 6مہینوں میں ترسیلات ز ر کا حجم 14.2ارب ڈالر رہا ہے جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا موجودہ حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔اتوار کے روز پارٹی کارکنوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی پالیسیوں کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

 جنہوں نے دور اندیشی سے کام لیتے ہوئے ملک کو نہ صرف دیرینہ مشکلات سے نجات دی ہے بلکہ دن بدن مسائل کم کر کے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک میں صنعتی ترقی شروع ہو چکی ہے،معیشت کا پہیہ تیزی سے رواں دواں ہے او ر پرائیویٹ سیکٹر میں دن بدن روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں جو ہر لحاظ سے خوش آئند امر ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اْن کی ٹیم ملک کو درپیش چیلنجز سے عہدہ برآ ہو رہی ہے اور انشاء  اللہ اڑھائی برسوں میں پی ٹی آئی کی حکومت اپنے باقی وعدے بھی پورے گی۔اس موقع پر سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں کی طرف سے مختلف تجاویز پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کے مسائل کی نشاندہی اور اْن کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے بالخصوص این اے129اور پی پی157اور158میں مختلف ترقیاتی کاموں کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ ملاقات میں شامل پارٹی ورکرز نے ترقیاتی کاموں کی بر وقت اور معیاری تکمیل کو سراہا اور مختلف امور کی نشاندہی بھی کی۔