کاشتکاروں کومونگ پھلی کی زیادہ  سے زیادہ رقبہ پر کاشت کی ہدایت

  کاشتکاروں کومونگ پھلی کی زیادہ  سے زیادہ رقبہ پر کاشت کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (اے پی پی)محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کوپنجاب میں مونگ پھلی کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار مونگ پھلی کی ترقی دادہ اقسام باری 2000،بارڈ 479،گولڈن اور باری 2011کی کاشت سے شاندار پیداوار حاصل کرسکتے ہیں تاہم اگرچہ ہمارے مونگ پھلی کی کاشت کے علاقوں میں پیداواری صلاحیت 40من فی ایکڑ ہے۔
 مگر ہمارے کاشتکار اوسطاً6سے 10من فی ایکڑ پیداوار حاصل کررہے ہیں جس میں جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید اضافہ کیاجاسکتاہے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ پنجاب میں گزشتہ سال 213730ایکڑ رقبہ پر مونگ پھلی کی کاشت ہوئی جس سے 11980ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں مونگ پھلی کے زیر کاشت رقبہ پر 87فیصد چکوال،اٹک اور راولپنڈ ی میں کاشت ہوتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ مونگ پھلی کے بیج میں 44سے56فیصد اعلیٰ معیار کا خوردنی تیل اور 22سے30فیصد لحمیات پائے جاتے ہیں جبکہ مونگ پھلی کے خوردنی تیل کے استعمال کو فروغ دے کر ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوسکتی ہے۔

مزید :

کامرس -