واٹس ایپ کی ایپلیکشن کے استعمال کیلئے پرائیویسی پالیسی میں تبدیلیاں
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)واٹس ایپ نے اپنی ایپلیکشن کے استعمال کیلئے پرائیویسی پالیسی میں نئی تبدیلیاں کردی ہیں جن کو قبول کرنا صارفین کیلئے لازمی ہے ورنہ ان کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا جائے گا۔فیس بک کی زیر ملکیت کمپنی واٹس ایپ نے صارفین کو نوٹیفیکیشنز بھی بھیج دئیے ہیں اور انہیں پالیسی قبول کرنے کے لیے 8 فروری تک کا وقت دیا گیا ہے، بصورت دیگر صارف واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی کھوبیٹھیگا۔نئی پالیسی کے مطابق واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا نہ صرف استعمال کرے گا بلکہ اسے تھرڈ پارٹی بالخصوص فیس بک کیساتھ شیئر بھی کریگا۔واٹس ایپ کی نئی پالیسی کے مطابق صارف اپنا نام، موبائل نمبر، تصویر، اسٹیٹس، فون ماڈل، آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ ساتھ ڈیوائس کی انفارمیشن، آئی پی ایڈریس، موبائل نیٹ ورک اور لوکیشن بھی واٹس ایپ اور اس سے منسلک دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو مہیہ کرے گا۔ واٹس ایپ کاکہنا ہے کہ جب صارفین ان سے منسلک تھرڈ پارٹی کی خدمات یا فیس بک کمپنی کی دوسری پراڈکٹس پر انحصارکرتے ہیں، تو تھرڈ پارٹی وہ معلومات حاصل کر سکتی ہے، جو آپ یا دوسرے لوگ انکے ساتھ شیئرکرتے ہیں۔ٹوئٹر پر ایک صارف کا کہنا تھا کہ فیس بک کے پاس پہلے سے یہ سب ڈیٹا موجود ہے بس وہ اب اطلاع دے رہا ہے کہ یہ ڈیٹا اس کے پاس ہے۔حقیقت بھی یہ ہے کہ صارفین کا ڈیٹا واٹس ایپ اور فیس بک کے پاس پہلے سے ہی موجود ہے تاہم اب وہ اسے استعمال کرنے کیلئے صارف سے اجازت لے رہے ہیں تاکہ قانونی طور پر انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واٹس ایپ