جنوبی اضلاع میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی ترجیحات ہیں: ظہور شاکر 

جنوبی اضلاع میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی ترجیحات ہیں: ظہور شاکر 

  

 پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے حج، اوقاف و مذہبی امور محمد ظہور شاکر نے کہا ہے کہ جنوبی اضلاع میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی ترجیحات ہیں، موجودہ حکومت نے صوبے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے مختلف ترقیاتی پروگرام شروع کئے ہیں جن کیلئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں، تحصیل ٹل دوآبہ ضلع ہنگو میں صحت و تعلیم، گیس و بجلی، مواصلات و آبپاشی اور آبنوشی و سیاحت کے جاری منصوبوں سے ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا، پی ٹی آئی کا اصل مقصد چھوٹے طبقے کو آگے لانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔محمد ظہور شاکر نے کہا کہ موجودہ حکومت ماضی کی حکومتوں کے برعکس عوامی خدمات پر عمل پیرا ہے اور اسی جذبے کے تحت ضلع ہنگو میں پی ٹی آئی کی حکومت اصلاحات کر رہی ہے تاکہ غریب عوام کو ان کی دہلیز پر زندگی کی تمام بنیادی سہولیات آسانی سے میسر ہو سکیں۔ معاون خصوصی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی، وہ اپنے علاقے میں عوامی شعور اجاگر کریں اور حکومتی سکیموں کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں۔محمد ظہور شاکر نے کہا کہ پی ٹی آئی صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور درپیش چیلنجز کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -