کرپشن اور کمیشن سے پاک سیاست پر یقین رکھتے ہیں: ڈاکٹر امجد علی 

کرپشن اور کمیشن سے پاک سیاست پر یقین رکھتے ہیں: ڈاکٹر امجد علی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹرا مجد علی خان نے کہا ہے کہ وہ زمانہ گزر گیا جب سیاسی لوگ عوام سے ووٹ لیکر پھر پانچ سال غائب رہتے تھے۔ ایسے سیاست دانوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے اور دوسری مرتبہ پی ٹی آئی پر بھر پور اعتماد کرکے بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا۔ کرپشن اور کمیشن سے پاک سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ماضی میں جن لوگوں نے کرپشن اور کمیشن کی سیاست کی ان کی سیاست ختم ہو گئی ہے اور وہ اب قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔حلقہ پی کے 6 کے تمام علاقوں کو یکساں ترقی دی جا رہی ہے اور یہاں پر سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ اوڈیگرام کی آبادی زیادہ ہونے کے باعث یہاں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ گزشتہ ادوار میں اس کو پسماندہ رکھا گیا۔ بجلی، گیس اور لنک سڑکوں میں کوئی کام نہیں کیا گیا۔ اب علاقے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، بجلی، گیس، تعلیمی سہولیات، لنک سڑکوں کی تعمیر کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔گلی کوچوں کی پختگی کیلئے بھی فنڈز منظور کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار ڈاکٹر امجد علی نے اوڈیگرام میں لنک روڈ کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوڈیگرام، غازی بابا، ہارون آباد، خیر آباد کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کا دیرینہ مطالبہ اور ہمارا کیا ہوا وعدہ پورا ہوگیا اور لنک سڑک پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوڈیگرام کیلئے بہت سے ترقیاتی کاموں کی منظوری ہو چکی ہے جس پر مرحلہ وار کام شروع کیا جائے گا۔ سکولز کی اپ گریڈیشن بھی ہو چکی ہے، خیر آباد ٹیوب ویل کیلئے فنڈ ریلیز ہو چکا ہے اور بہت جلد اس پر بھی کام شروع ہو گا۔نوجوانوں کے کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے گراؤنڈ اور پارک تعمیر کیا جائے گا۔  لوگوں کے اجتماعی مسائل حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی دلچسپی کے باعث تمام پسماندہ علاقوں کو ترقیافتہ علاقوں کے برابر لایا جا رہا ہے۔اوڈیگرام پی ٹی آئی تنظیم کے عہدیداروں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مختصر کال پر جلسہ کا انعقاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے میں جاری ترقیاتی کام خالصتاً میرٹ پر کئے جا رہے ہیں۔