آسٹریلیا میں تماشائیوں کے جملے سن کر بھارتی کھلاڑیوں نے میچ روک دیا، نسل پرستی کا الزام، لیکن دراصل ہوا کیا تھا؟
کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے دورے پر ہے جہاں ٹیسٹ میچ کے دوران گزشتہ روز بھارتی کھلاڑیوں نے تماشائیوں کے جملے سن کر میچ روک دیا اور تماشائیوں پر نسل پرستی کا الزام عائد کر دیا مگر دیگر تماشائیوں کے بقول معاملہ کچھ اور ہی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق بھارتی باﺅلر محمد سراج اور جسپریت بھمرا نے کھیل روک کر امپائر کو کچھ تماشائیوں کی شکایت لگائی اور کہا کہ وہ ان پر نسل پرستانہ جملے کس رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان کے شکایت کرنے پر پولیس آفیسرز گراﺅنڈ میں آئے اور 6تماشائیوں کو اپنے ساتھ لے گئے ۔ تاہم ان تماشائیوں کے اردگرد بیٹھے کرکٹ کے مداحوں کا کہنا ہے کہ ”تماشائیوں نے کوئی نسل پرستانہ جملہ نہیں کسا۔ وہ بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ صرف چھیڑ چھاڑ کر رہے تھے۔“واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی طرف سے اس واقعے پر بھارتی ٹیم سے معافی مانگی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ان تماشائیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ویرات کوہلی، جو ان دنوں بھارت ہی میں موجود ہے،نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور ملزمان کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔