قومی سلامتی پالیسی پبلک کرنے کا فیصلہ، اہم نکات سامنے آگئے

قومی سلامتی پالیسی پبلک کرنے کا فیصلہ، اہم نکات سامنے آگئے
قومی سلامتی پالیسی پبلک کرنے کا فیصلہ، اہم نکات سامنے آگئے

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی حکومت نے حال ہی میں تشکیل دی گئی قومی سلامتی پالیسی کو پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پالیسی 100 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے ، وزیر اعظم عمران خان جمعہ کو نصف پالیسی کے اہم نکات جاری کریں گے۔

ذرائع  کے مطابق  قومی  سلامتی پالیسی تین بنیادی نکات "معیشت، دفاع اور انسانی سلامتی" پر مشتمل ہے۔ پاکستان میں قومی سلامتی کے حوالے سے پہلی بار جامع پالیسی تیار کی گئی ہے جس پر سالانہ بنیادوں پر نظرثانی کی جائے گی۔ حکومت کی تبدیلی کی صورت میں  نئی حکومت کو پالیسی  میں  ردوبدل کا اختیار حاصل ہو گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی پالیسی کی نگران ہوگی  جس کو  حکومت ہر مہینے عملدرآمد رپورٹ جمع کرائے گی۔  حکومت کی جانب سے پالیسی پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔گڈ گورننس ، سیاسی استحکام اور فیڈریشن کی مضبوطی پالیسی کے اہم نکات ہیں۔ پالیسی میں دو سے زائد ایکشن وضع کیے  گئے ہیں۔  پالیسی ایکشن کا حصہ کلاسیفائیڈ تصور ہو گا جب کہ  خطے میں امن، رابطہ کاری اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت پالیسی کا بنیادی نقطہ ہو گا۔

قومی سلامتی پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو اہم قرار دیا گیا ہے اور اس کے حل کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ ہائبرڈ وار فیئر،  شہروں کی جانب ہجرت، صحت، پانی اور ماحولیات بھی پالیسی کا حصہ ہے۔ بڑھتی آبادی کو ہیومن سیکیورٹی کا بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -دفاع وطن -