چاپان دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار، لیکن پاکستانی پاسپورٹ رینکنگ میں کہاں سے کہاں آگیا؟ جانئے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) 2023ءکے لیے بھی جاپان کے پاسپورٹ کو دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار دے دیا گیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق مینلے پاسپورٹ انڈیکس کی طرف سے سال 2023ءکے لیے بہترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کی گئی ہے جس کے مطابق جاپان کے پاسپورٹ کو نمبرون قرار دیا گیا ہے جس پر 193ممالک ویزا فری انٹری دیتے ہیں۔
اس فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ 109میں سے 106نمبر پر ہے جس پر صرف 8ممالک ویزا فری انٹری دیتے ہیں جبکہ صرف 36ممالک آن ارائیول ویزے کی سہولت دیتے ہیں۔بہترین پاسپورٹس میں سنگاپور اور جنوبی کوریا دوسرے، جرمنی اور سپین تیسرے اور فن لینڈ، اٹلی اور لکسمبرگ چوتھے نمبر پر ہیں۔
آسٹریلیا، ڈنمارک، ہالینڈ اور سویڈن اس فہرست میں پانچویں، فرانس، آئرلینڈ، پرتگال اور برطانیہ چھٹے نمبر پر ہیں۔اسی طرح ساتویں نمبر پر بیلجیم، جمہوریہ چیک، نیوزی لینڈ، ناروے، سوئٹزرلینڈ اورامریکہ، آٹھویں نمبر پر آسٹریلیا، کینیڈا، مالٹا اور یونان، نویں نمبر پر ہنگری اور پولینڈ اور دسویں نمبر پر لیتھوانیا اور سلواکیہ کے پاسپورٹس کو طاقتورترین قرار دیا گیا ہے۔
فہرست میں بھارت 85ویں نمبر پر ہے جس کے پاسپورٹ پر 59ممالک ویزا فری انٹری دیتے ہیں۔پاکستان اس فہرست میں نیچے سے تیسرے نمبر پر ہے۔ کمزور ترین پاسپورٹس میں پاکستان کے بعد شام، عراق اور افغانستان آتے ہیں۔ افغانستان کا پاسپورٹ دنیا میں سب سے کمزور قرار دیا گیا ہے۔