حضور پاکؐ کی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ،مولانا نعیم الرحمن
لاہور (خصوصی نمائندہ) جمعیت اہلحدیث پنجاب کے صدر مولانا نعیم الرحمن شیخوپوری نے کہا ہے کہ رسول اللہ ؐ، آپ کی ازواج مطہرات، صحابہ کرامؓ اور اہل بیتؓ امت مسلمہ کے لیے بہترین نمونہ اور مشعل راہ ہیں۔صحابہ کرامؓکی زندگیاں، ان کی سیرت، تعلیمات اور کردار ہمارے لیے بہترین اسوہ ہونا چاہیے۔ مسلمان صرف اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ؐ کی اطاعت و فرمانبرداری کے ذریعے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کی تباہی کی بنیادی وجہ دین اسلام کی تعلیمات سے دوری ہے۔
، جس کے باعث آج ہمارا معاشرہ پستی و گمراہی کی دلدل میں پھنس چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز قرآن و سنت اسلامک سینٹر میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا نعیم الرحمن نے کہا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے کہا کہ حکومت اور ریاست کو سنجیدگی سے ان کی رہائی کا مقدمہ لڑنا چاہیے تاکہ انہیں بخیر و عافیت وطن واپس لایا جا سکے۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کئی دہائیوں سے امریکی جیل میں جسمانی اور ذہنی اذیتیں برداشت کر رہی ہیں۔ مولانا نعیم الرحمن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے آن لائن پٹیشن پر دستخط کریں اور اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی قیادت میں جاری ٹیم عافیہ صدیقی کی کوششوں کو بھی سراہا، جو قوم کی بیٹی کی رہائی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔