سی سی پی او کا چینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کاحکم

  سی سی پی او کا چینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کاحکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کر ائم رپو رٹر)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا۔ جس میں سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا سی سی پی او نے چینی باشندوں کی سکیورٹی کے ایس او پیز پرمکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے آئندہ ماہ کھیلی جانے والی ٹرائی سیریز اور چیمپئینزٹرافی کے پرامن انعقاد کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی بھی ہدایات دیں۔بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو پتنگوں اور دھاتی ڈورکی تیاری کے ہاٹ سپاٹ ایریاز پر ریڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے خونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی بیرون ملک مفرور مجرمان کو انٹرپول کے ذریعے واپس لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں سی سی پی اونے ایس ایس پی (آپریشنز) کو بھکاری مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا ٹاسک سونپ دیا رکشہ و دیگر وہیکلز کی چوری اور دوسرے شہروں میں بھجوانے میں ملوث گینگز کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔

 سی سی پی او لاہور نے چوری کی وہیکلز کے سپیئرپارٹس بیچنے والے کباڑیوں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے ایس پیز اور ایس ڈی پی اوزکواپنے فیلڈ سٹاف سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ سٹاف کی فیڈ بیک سے آپریشنل پلاننگ میں بہتری آئے گی۔اجلاس میں ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید،ایس ایس پی (ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی (آپریشنز)تصور اقبال، سول لائنز اور سٹی ڈویڑنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔

مزید :

علاقائی -