غیر ملکی ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، حوصلہ افزائی کرینگے: عبدالعلیم خان 

    غیر ملکی ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، حوصلہ افزائی کرینگے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                    اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان سے ترکیہ کی ا یئر لائن ”پیگاسس“ اور کاروباری ادارہ”ہٹ اِٹ“ کی چیئرپرسن نور گو کمان نے جمعہ کو ملاقات کی ہے۔اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین دیرینہ دوستانہ تاریخی تعلقات اور گہرے روابط ہیں، ہم ترکیہ سے تجارتی حجم میں اضافہ اور دو طرفہ کاروباری سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں،ہٹ اٹ اور پیگاسس کی چیئرپرسن نور گو کمان نے پاکستان میں مواصلات اورشہری ہوابازی کے امور میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان سے بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں میں اضافہ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ہٹ اٹ کمپنی 70 بڑی ائرلائنز کے ساتھ مارکیٹ شیئرز  رکھتی ہے اور ہماری کمپنی پی آئی اے کی سب سے بڑی پارٹنر اور دنیا میں ہوا بازی کے شعبہ میں تیسری بڑی کمپنی ہے۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے ہٹ اٹ کی طرف سے پاکستان میں بزنس میں گہری دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مواصلات کے شعبے میں بڑے پیمانے پر مثبت تبدیلیاں لا رہا ہے، غیر ملکی کاروباری اداروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مکمل حوصلہ افزائی کریں گے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے چیئرپرسن ہٹ اٹ اور پیگاسس نور گو کمان کیلئے پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار بھی کیا۔ 

عبدالعلیم خان

مزید :

صفحہ آخر -